واشنگٹن ،14جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے ایک دھڑے طارق جی دار گروپ کا ایک کمانڈر عمر خلیفہ امریکا کے ایک فضائی حملے میں اپنے چار ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ افغانستان میں داعش صوبہ خراسان کے جنگجوؤں کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی فوج کے ایک جنرل نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے خلیفہ عمر منصور کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔پینٹاگان کے ترجمان پیٹر کک نے بتایا ہے کہ خلیفہ عمر منصور پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔اس نے ہی چارسدہ میں جنوری 2016ء میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی اور دسمبر 2014ء میں پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی وہی تھا۔اس حملے میں ایک سو تیس بچوں سمیت ایک سو انچاس افراد شہید ہوگئے تھے۔