ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسپتال میں آتش زدگی سے بچوں کی ہلاکت پر وزیر صحت مستعفی:خاتون وزیرصحت کا آن ایئر پروگرام میں استعفے کا اعلان

اسپتال میں آتش زدگی سے بچوں کی ہلاکت پر وزیر صحت مستعفی:خاتون وزیرصحت کا آن ایئر پروگرام میں استعفے کا اعلان

Thu, 11 Aug 2016 15:26:44    S.O. News Service

بغداد،11؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق کے دارالحکومت بغداد میں گذشتہ روز ایک اسپتال میں آتش زدگی کے واقعے کے نتیجے میں 11نومولود بچوں کی ہلاکت کے اندوہناک واقعے کے بعد خاتون وزیرصحت عدیلہ حمود نیعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیرصحت نے ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے براہ راست استعفی کا اعلان کیا۔قبل ازیں وزارت صحت کے ترجمان احمد الرودینی نے بتایا تھا کہ بغداد کے مغرب میں واقع الیرموک اسپتال میں منگل کی نصف شب کے بعد آگ لگی تھی اور یہ بجلی کے نظام میں خرابی کی وجہ سے شروع ہوئی تھی۔انھوں نے بتایا کہ زچہ وبچہ وارڈ میں انتیس خواتین زیرعلاج تھیں اور انھیں شہر کے دوسرے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ سات نومولود بچوں کو بھی بچا لیا گیا ہے اور انھیں بھی بغداد کے دوسرے اسپتالوں کے زچہ وبچہ وارڈز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

عراقی وزارت داخلہ کے ایک عہدے دار نے وارڈ میں آتش زدگی سے گیارہ بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ دھویں سے تین اور بچے شدید متاثر ہوئے ہیں اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کردیا ہے اور فورینزک ٹیمیں آتش زدگی سے جل جانے والے وارڈ میں نمونے اکٹھے کر رہی تھیں جبکہ مریضوں کے لواحقین وارڈ کے باہر واقعے کے بارے میں مزید کچھ جاننے کے منتظر تھے۔واضح رہے کہ بغداد کے بیشتر سرکاری اسپتالوں میں علاج ومعالجے کی معیاری سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔اسپتالوں کی حالت زار انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔اس وجہ سے عراقیوں کی بڑی تعداد علاج کے لیے نجی اسپتالوں کا رُخ کرتی ہے یا بیرون ملک جاتی ہے۔


Share: