لکھنؤ،10؍نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کی حکومت دھواں اورفضائی آلودگی کو لے کر انتہائی حساس ہو رہی ہے۔اس سے نمٹنے کے لئے نقل و حمل محکمہ نے سخت رخ احتیار کر لیا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے قومی دارالحکومت سمیت آٹھ اضلاع میں زہریلا دھواں چھوڑ رہے تقریباً چار لاکھ ڈیزل اور پٹرول والی گاڑیوں کوبند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔آرڈر میں دس سال سے پرانے چار پہیہ ڈیزل اور 15سالہ پٹرول والی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔چیف سکریٹری نقل و حمل نے تمام آر ٹی او اور اے آر ٹی اوکو حکم جاری کرکے یہ ہدایات دی ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے چیف سکریٹری آرادھنا شکلا کے مطابق این جی ٹی کے حکم کے بعد سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ جہاں تمام 10-15سال پرانے ڈیزل اور پٹرول والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیاہے۔قابل ذکر ہے کہ نیشنل گرین ٹریبیونل (این جی ٹی )کے سخت حکم کے بعد یوگی حکومت بھی ایکشن میں آ گئی ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے غازی آباد، میرٹھ، مظفر نگر، نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، بلند شہر، شاملی، باغپت اور ہاپوڑ میں چل رہے 10سال سے پرانے 97043 ڈیزل گاڑی اور15سال سے پرانے تین لاکھ 74ہزار 775پٹرول گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔اس حکم کے بعد سے گاڑی مالکان میں کھلبلی مچ گئی ہے۔