لکھنؤ،12؍نومبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )کسانوں کی آمدنی2022 تک دوگنا کرنے کے مقصد کے تحت پابند عہد یوگی کی اتر پردیش سرکارنے ’’زرعی ترقیاتی کمیشن ‘‘ کا قیام عمل میں آیاہے جس کے صدر خود یوگی آدتیہ ناتھ ہوں گے ۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ زرعی پیداوار کمشنر کی جانب سے دس نومبر کو اس کے نفاذ کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس کمیشن کے صدر یوگی آدتیہ ناتھ ہوں گے ، جبکہ نائب صدر وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی ہوں گے۔اس کمیشن میں پالیسی کمیشن کے رکن رمیش چندر، اتر پردیش کے چیف سکریٹری، زراعت پیداور کمشنر، بین الاقوامی رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فلپائن کے یو ایس سنگھ، آئی آئی ایم لکھنؤ کے پروفیسر سشیل کمار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی کے قرارداد کے مطابق یہ کمیشن کسانوں کی آمدنی 2022 تک دوگنا کرنے کے بارے میں اقدامات پر عمل کرنے کی رہنمائی کرے گا ۔ بارہ بنکی، وارانسی، لکھیم پور، مظفر نگر، مہوبہ اور دیوریا کے نو بڑے کسانوں کو بھی کمیشن میں بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔کمیشن میں مہندرا اینڈ مہندرا ا اور آئی ٹی سی کو کارپوریٹ علاقے کے رکن کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔