لکھنؤ،13؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش اسمبلی کا سرمائی اجلاس کل سے شروع ہو جائے گا۔نو ماہ پرانی یوگی حکومت اسمبلی کے اس اجلاس میں 18 دسمبر کو ضمنی بجٹ پیش کرے گی۔ ساتھ ہی ریاست میں جرائم کنٹرول بل 2017بھی پیش کیا جائے گا ۔ واضح ہو کہ اس بل کو یوگی کابینہ نے آج ہی منظ59وری دی ہے ۔ اتر پردیش اسمبلی کے صدرہردیہ نارائن دکشت نے سرمائی اجلاس بآسانی اختتام پذیر ہونے کے ذیل میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے تعاون پیش کرنے کی درخواست کی ہے ۔ دکشت نے کل جماعتی میٹنگ میں تمام پارٹیوں کے لیڈروں پر زور دیا کہ تمام لیڈران اپنے موقف کو وقار و عزت نفس اور جمہوری اقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے بیان کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام جمہوری ممالک میں برسر اقتدار طبقہ اور حزب مخالف ہوا کرتے ہیں، اتفاق و تردید بھی ہوتی ہے ۔ مباحثے ہوتے ہیں تب جاکر جمہوریت مضبوط ہوتی ہے ۔ اسمبلی صدر نے کہا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری برسر اقتدار طبقہ اور اپوزیشن دونوں کی ہے۔اسمبلی صدر دکشت نے کہا کہ دنیا میں پارلیمانی روایت پر تمام بحثیں ہوتی ہیں پھر مباحثہ کے ذریعہ کسی امر پر اتفاق کیا جاتا ہے ۔ پارلیمانی نظام کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر کسی وجہ سے ہم ایوان سے ناراض ہوتے ہیں، تو اس کا اختیار بھی ایوان ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی اور اپوزیشن دونوں کا مقصد ایک ہی ہوتا ہے۔ ریاست کے عوام کے مفاد میں اپنی بات کو اپنی نظریے کے مطابق الگ الگ نقطہ نظر سے پیش کئے جانے کو ایک مضبوط جمہوریت کہتے ہیں۔ کل جماعتی میٹنگ میں ایوان کے لیڈر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ہم تخلیقی بحث، مشاورت کو فروغ دینے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ بحث اور زیادہ وقت تک ایوان کی کارروائی چلانے کے لئے مصروف عمل ہیں۔