نئی دہلی،8؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی(آپ)کے راجیہ سبھا امیدوار این ڈی گپتا (نارائن داس گپتا)کو الیکشن کمیشن نے آج بڑی راحت دیتے ہوئے ان کی راجیہ سبھا امیدواری کو منظور کر لیا ہے۔بتا دیں کہ کانگریس کی جانب سے اجے ماکن نے ان کے خلاف فائدہ کے عہدے پر رہنے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔کانگریس نے این ڈی گپتا کی امیدواری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔حالانکہ الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ آفیسر نے کانگریس کی شکایت کو مسترد کرتے ہوئے گپتا کے حق میں فیصلہ دیا۔اس نے راجیہ سبھاکا رکن بننے کے لئے این ڈی گپتا کے راستے کو صاف کردیا ہے۔فیصلے کے بعد عام آدمی پارٹی نے کہا کہ کانگریس لیڈر اجے ماکن نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے یہ بے بنیاد الزام لگایا تھا۔آپ کے دوسرے راجیہ سبھا امیدوار سنجے سنگھ نے کہا کہ سستی مقبولیت کے لئے یہ مہم چلائی جا رہی تھی، جس کا آج سچ سامنے آ گیا۔این ڈی گپتا نے منافع کے عہدے پررہتے ہوئے اندراج نہیں کرایاتھا،کانگریس دماغی دیوالیہ پن کا شکار ہے۔آج تقریبا تین بجے، انہیں ایک سرٹیفکیٹ مل گیا۔دراصل کانگریس لیڈر اجے ماکن نے الزام لگایا تھا کہ این ڈی گپتا نیشنل پنشن سسٹم ٹرسٹ میں ٹرسٹی ہیں جو فائدے کا عہدہ ہے۔ایسی صورت حال میں ان کی امیدواری کو مسترد کردیا جانا چاہئے۔جواب میں گپتا نے کہا تھا کہ انہوں نے ٹرسٹ سے کافی پہلے استعفیٰ دے دیاتھا۔