بنگلورو،14؍جون(ایس او نیوز) شہر بنگلورکے آٹو رکشاؤں میں میٹرنصب کرنے کاضابطہ سختی سے لاگو کیاگیا ہے، جبکہ دیگر شہروں میں آٹو رکشاؤں میں میٹر لاگو کرنے کے متعلق اختیارات متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو دئے گئے ہیں۔ یہ بات آج وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے اسمبلی کو بتائی۔جی ایچ سرینواس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر ریڈی نے بتایاکہ اہم شہروں میں وہاں کی صورتحال اور ٹریفک کی مناسبت سے آٹو رکشا میٹر کے لزوم کو لاگو کرنے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے قدم اٹھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں آٹو رکشاؤں کے یکساں کرائے مقرر کرنا بھی عملاً ناممکن ہے۔ آٹو رکشا ڈرائیوروں کی طرف سے افزود رقم حاصل کرنے کی شکایات پر انہوں نے کہاکہ رواں سال جنوری تا اپریل 4384 آٹو رکشا ڈرائیوروں کے خلاف اس شکایت کیلئے کارروائی کی گئی اور ان سے 15لاکھ روپیوں کا جرمانہ وصول کیاگیا ہے۔ آٹو رکشا ڈرائیونگ لائسنس کیلئے آٹھویں جماعت تک تعلیم یافتہ ہونے کے لزوم کو واپس لینا ناممکن قرار دیتے ہوئے رام لنگا ریڈی نے کہاکہ یہ ضابطہ ریاستی حکومت نے نہیں بلکہ مرکز نے لاگو کیاہے۔