نئی دہلی،6جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اساتذہ تقرری گھوٹالہ میں 10سال کی سزا کاٹ رہے انیلو لیڈر اجے چوٹالہ نے آج دہلی کی ایک عدالت میں کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ ان کے خلاف آمدنی کے معلوم ذرائع سے زیادہ جائیداد معاملے میں منصفانہ سماعت نہیں ہو سکے گی۔انہوں نے معاملہ دیگر عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔منتقلی کی درخواست کی سماعت کر رہی ضلع جج روندر کور کے سامنے چوٹالہ کے وکیل نے دلیل دی کہ ثبوت ایک دم غیر قانونی طریقے سے ریکارڈ کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ جس طرح سے دلائل ریکارڈ کئے جا رہے ہیں وہ تعصب کی عکاسی کرتا ہے۔عدالت نے معاملے میں آگے کے دلائل کے لئے 18جنوری کی تاریخ مقرر کی۔چوٹالہ کی جانب سے پیش وکیل ہریش شرما نے یہ بھی دعوی کیا کہ اس لیڈر کو خدشہ ہے کہ اگر خصوصی سی بی آئی جج کی عدالت میں سماعت جاری رہی تو منصفانہ سماعت نہیں ہوگی۔شریک ملزم ابھیمنیو سنگھ کی ایسی ہی ایک پٹیشن ضلع جج کے پاس زیر التوا ہے۔آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں عدالت اب ثبوت ریکارڈ کر رہی ہے۔اس معاملے میں ہریانہ کے سابق وزیر اعلی اور انیلو سربراہ اوم پرکاش چوٹالہ کے بیٹے اجے چوٹالہ سماعت کا سامنا کر رہے ہیں۔