ناگپور11اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے آج کہا کہ جموں کشمیر میں ہندو پناہ گزینوں کو ریاست کے شہریت کے حقوق دیئے جانے چاہئیں اور دہشت گردی کے چلتے وادی چھوڑنے پر مجبور ہوئے کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری کی جائے ۔یہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو ایک سمت اور ایک پالیسی پر آگے بڑھنے کیلئے مرکز کے ساتھ کام کرنا چاہئے اور قوم پرست طاقتوں کو مضبوط کیا جانا چاہیے اور ناپسندیدہ سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جانا چاہئے۔بھاگوت نے کہا کہ ریاست کی صورتحال تشویش کا موضوع ہے۔انہوں نے کہاکہ بہت سے مسئلے اب بھی اٹکے پڑے ہیں۔تقسیم کے دوران اور اس کے بعدبہت سے ہندو پاکستان کے مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر گئے اور وہاں پہنچے۔شیخ عبداللہ نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ انہیں ان کے حقوق دیئے جائیں گے۔ان کی تیسری نسل وہاں رہ رہی ہے۔ان کے پاس ریاست کے شہریت کے حقوق نہیں ہیں۔ان کے پاس راشن کارڈ اور روزگار نہیں ہیں، وہ کب تک انتظار کریں گے؟۔آرایس ایس سربراہ نے اپنے دسہرہ کے خطاب میں کہاکہ دہائیوں سے کشمیری پنڈت باہر رہ رہے ہیں۔انہیں وہاں رہنا چاہئے جہاں وہ رہا کرتے تھے اور دیش بھکتوں اور ہندوؤں کے طور پر ان کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہئے۔اس طرح کے حالات پیداکئے جانے چاہئیں اور انہیں انصاف دیاجاناچاہئے۔بھاگوت نے کہا کہ ان لوگوں کے خوابوں کوپوراکرناہوگااورتبھی لوگ یقین کریں گے کہ ان پر توجہ بھی اسی طرح ہورہی ہے جس طرح دوسری ریاست اپنے لوگوں کیلئے کر رہے ہیں۔ریاست میں ہندو پناہ گزینوں کو شہریت دینے کا مسئلہ متنازعہ رہا ہے کیونکہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جیسی جماعتیں اس پر اعتراض کااظہارکرتی رہی ہیں۔