ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ایل ڈی نے بی جے پی کا ساتھ چھوڑا،مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات اکیلے لڑنے کا فیصلہ

آر ایل ڈی نے بی جے پی کا ساتھ چھوڑا،مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات اکیلے لڑنے کا فیصلہ

Sun, 13 Oct 2024 11:10:56    S.O. News Service

لکھنؤ، 13/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔ جموں و کشمیر اور ہریانہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد، اب سب کی نظریں ان دو ریاستوں پر مرکوز ہیں۔ اس دوران این ڈی اے میں دراڑیں سامنے آ رہی ہیں، کیونکہ این ڈی اے کی اتحادی جماعت راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں تنہا الیکشن لڑے گی۔ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ دونوں ریاستوں کی تمام اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، بی جے پی کے ساتھ مزید اتحاد کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔

راشٹریہ لوک دل کے قومی جنرل سکریٹری ترلوک تیاگی کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے آر ایس ایس کے قلعہ تصور کیے جانے والے ناگپور سے بھی آر ایل ڈی امیدوار کو کھڑا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے ناگپور میں چودھری چرن سنگھ کو پسند کرنے والوں کی بڑی جماعت تھی۔ ناگپور میں ہزاروں بیل گاڑیوں سے ان کا استقبال ہوا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ ناگپور میں کرمی سماج کے لوگ بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔ وہ سبھی چودھری چرن سنگھ کے مرید ہیں۔

ترلوک تیاگی کا کہنا ہے کہ آر ایل ڈی 14 اکتوبر کو ناگپور میں ایک انتہائی اہم میٹنگ کرنے جا رہی ہے۔ اس کے بعد جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر رانچی میں بھی ایک میٹنگ منعقد ہوگی۔ این ڈی اے سے الگ ہو کر انتخاب لڑنے کے بارے میں جب ان سے سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ فائدہ یا نقصان کی بات نہیں ہے، کوشش آر ایل ڈی کو آگے بڑھانے کی ہے۔ ترلوک نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی کو نقصان ہوتا ہے تو ہمیں اتحاد میں لے لیں، ہم ساتھ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ اس بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ بی جے پی نے خود ہی آر ایل ڈی سے الگ راہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: