پٹنہ ،6ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بہارکے گیاضلع کی ایک عدالت مشہورآدتیہ سچدیوا کے قتل کیس میں مجرم ٹھہرائے گئے 4لوگوں کوآج سزاسنادی گئی ۔راکی یادو سمیت تین کوعمر قید اورچوتھے مجرم کو پانچ سال قیدکی سزا سنائی گئی ہے۔جمعرات کو ہی عدالت نے اس معاملے کے اہم ملزم حکمراں جے ڈی یو سے معطل سابق ایم ایل سی رکن منورما دیوی کے بیٹے راکیش رنجن یادو عرف راکی یادو سمیت چار ملزمان کو مجرم قرار دیا تھا۔گزشتہ سال مئی کو روڈریز میں آدتیہ کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔جمعہ کو عدالت کے فیصلے سے پہلے آدتیہ سچدیوا کی ماں نے کہا کہ ماں میں بہت طاقت ہوتی ہے،ماں خود تو انصاف کرتا ہے کسی کی بھی اس کو ضرورت نہیں ہوتی لیکن ہم نے انصاف قانون پر چھوڑ دیا ہے،بھگوان پر چھوڑ ا ہے،ہم جانتے ہیں کہ ہم نے 16مہینے کیسے گزارے،ہم اپنی زندگیاں جینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن نہیں جی پارہے ہیں۔
24سالہ راکی یادو نے آدتیہ کو گولی مار دی کیونکہ وہ اس کے رینج روور کواوورٹیک کرنے کی غلطی کربیٹھاتھا۔واردات کے بعد فرار راکی کو پولیس نے گیا ضلع کے بودھ گیا تھانہ علاقہ سے گرفتار کر لیا تھا، جبکہ اس معاملے میں ملزم ہسٹری شوٹر اور اپنے علاقے میں دبنگ مانے جانے والے راکی کے والد بدیشوری یادو اور منورما دیوی کے ایک محافظ راجیش کمار کو پولیس نے گزشتہ سال 8مئی کو گرفتار کیا تھا۔