کاروار19؍ستمبر(ایس او نیوز) جس طرح بھٹکل میں بجلی کی تاروں، کھمبوں وغیرہ کی درستگی کے لئے بد ھ کے روز ہر ہفتے بجلی کاٹ دی جاتی ہے ،یہی حال کاروار سمیت دیگر شہروں کا بھی ہے ۔ اس مسئلے پرعوام کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہیسکام کے افسران کے سامنے یہ سوال رکھا کہ کیا مرمت اوردیگر ضروری کام کے لئے بدھ کے دن ہی بجلی منقطع کرنا ضروری ہے اور کیا یہ کام کسی اور دن کرنا ممکن نہیں ہے؟ اور کیا ہر ہفتے پورے پورے دن کے لئے بجلی کاٹنا لازمی ہوتا ہے؟
ڈپٹی کمشنر مسٹر نکول نے ہیسکام افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران یہ بات رکھی کہ بدھ کے دن پورے دن کے لئے بجلی کاٹ دینے سے عوام کو ، سرکاری دفاتر کو ، تجارتی، صنعتی وتعلیمی اداروں اوراسپتالوں وغیرہ کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس لئے ہیسکام افسران کو چاہیے کہ وہ اس دشواری سے عوام کو راحت دلانے کے سلسلے میں اقدام کریں۔
اس کے جواب میں ہیسکام افسران نے وضاحت کی کہ ایک عرصے سے یہ سلسلہ چلا آرہا ہے کہ سنیچر کے دن بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں درپیش مسائل کا جائزہ لے کر فہرست تیار کی جاتی ہے اور پھر بدھ کے دن اسے حل کرنے کا کام کیا جاتا ہے۔اس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگلے بدھ کے دن بجلی منقطع کرکے تمام کام نمٹا ئے جائیں اور پھر آئندہ تین ہفتوں تک بدھ کے دن بجلی کاٹنے کا سلسلہ بندرکھا جائے۔ پھر اس کے بعد نتائج اور حالات کا جائزہ لے کر دوبارہ اس کا شیڈول بنانے کے سلسلے میں سوچاجائے جس سے عوام کو راحت ملے ۔