جکارتا29 ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)انڈونیشیا کے حکام کا کہنا ہے کہ کوہِ آگونگ کا آتش فشاں کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ اس کی گڑگڑاہٹ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جزیرے بالی پر واقع اس آتش فشاں کے پھٹنے کے خوف سے تقریباً ایک لاکھ پینتیس ہزار افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر عارضی شیلٹرز میں منتقل ہو گئے ہیں۔ اس آتش فشاں کے دہانے سے مسلسل دھواں اور راکھ نکل رہے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں کو عارضی خیموں کے علاوہ، اسکولوں اور حکومتی عمارات میں ٹھہرایا گیا ہے۔ ان افراد کے لیے خوراک، پینے کے صاف پانی اور ادویات کی وافر مقدار مختص کر دی گئی ہے۔ نقل مکانی کرنے والوں کو خدشہ ہے کہ آتش فشاں کے لاوے سے اْن کے کھیت جل جائیں گے۔