ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آئی ایم اے کی طرف سے بی ای ٹی کو دوبسیں براہم کرنے اوربسم اﷲ قبرستان کا خرچ اپنے ذمہ لینے کااعلان

آئی ایم اے کی طرف سے بی ای ٹی کو دوبسیں براہم کرنے اوربسم اﷲ قبرستان کا خرچ اپنے ذمہ لینے کااعلان

Wed, 20 Jul 2016 01:08:31    S.O. News Service

بنگلورو۔19جولائی(عبدالحلیم منصور؍ایس او نیوز) اساتذہ اپنے طلبا کو ایسی تعلیم سے آراستہ کریں جس کی بدولت وہ اپنی آنے والی زندگی کو بہتر طریقے سے گذارنے کے ساتھ ملک وملت کیلئے ایک قیمتی سرمایہ بن سکیں۔ یہ نصیحت آج ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات وحج جنا ب روشن بیگ نے کی۔ بسم اﷲ ایجوکیشن ٹرسٹ میں آئی ایم اے کی جانب سے دو بسوں کی فراہمی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا کہ بچوں کو سیاست ، فلسفہ ، نفسیات ، دوستی اور دشمنی کس طرح نبھائی جائے ،یہتربیت اور مہارت ضروری ہے، تاکہ آنے والی زندگی میں وہ ان امور کو مدنظر رکھ کر بہتر طریقے سے نمٹ سکیں۔ بی ای ٹی کو دوبسیں فراہم کرنے آئی ایم اے کے مستحسن کارنامہ پر آئی ایم اے کے منیجنگ ڈائرکٹر منصور احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے توقع ظاہر کی کہ اس سہولت کا بہتر سے بہتر طریقے سے استعمال کیا جائے گا۔ خاص طور پر بی ای ٹی میں زیر تعلیم لڑکیوں کو لانے لے جانے میں یہ بسیں کافی معاون ہوں گی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آئی ایم اے کے منیجنگ ڈائرکٹر منصور احمد خان نے بی ای ٹی کے طلبا کے تعلیمی معیار میں سدھار کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ اس معیار میں سدھار کی اہم وجہ یہ ہے کہ ادارہ کے ذمہ داران کی طرف سے اس پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔ بالخصوص خواتین کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے بی ای ٹی کی طرف سے کی جارہی خدمات قابل تقلید قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مذہب اسلام نے خواتین کو بہت بلند مرتبہ عطا فرمایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ روشن بیگ صاحب کی دور اندیشی اور بصیرت کی روشنی میں آئی ایم اے قوم کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ آنے والے دنوں میں اس کوشش کو اور بھی وسیع تر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی ای ٹی کے بچوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے دو مقاصد ہیں، ایک وقت کی پابندی اور دوسراتحفظ ۔طلبا ان سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں ۔انہوں نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو انسانیت کی خدمت کیلئے مبعوث فرمایا ہے۔تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلبا اپنی اس ذمہ داری کو فراموش کریں ، اپنی مادر علمی کو اور بہتر بنانے کی طرف توجہ دیں۔اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے تعلیمی سال سے جس کلاس کے طلبا صد فیصد کامیاب ہوں اور ان تمام نے 80 فیصد سے زائد نمبرات لئے ہوں تو اس کلاس کے ٹیچر کو آئی ایم اے کی طرف سے مفت عمرہ پیکیج دیا جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہاکہ بسم اﷲ ایجوکیشن ٹرسٹ کے ذمہ داران کی طرف سے بنگلور سائوتھ میں بسم اﷲ قبرستان کیلئے جو جدوجہد کی جارہی ہے، اس کی تمام تفصیلات ان کے سامنے لائی گئی ہیں۔ منصور احمد خان نے اعلان کیا کہ اس قبرستان کیلئے زمین کی خریداری ، حصار بندی اور دیگر سہولیات بشمول غسل خانہ وغیرہ کی فراہمی پر جو بھی خرچ آئے گا وہ آئی ایم اے کی طرف سے قسطوں میں ادا کردیا جائے گا۔ مقامی کارپوریٹر رضوان نواب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں بنگلور ساوتھ کے بسم اﷲ قبرستان کیلئے بیش قیمتی عطیہ دینے آئی ایم اے کے اعلان کو انتہائی مستحسن اور ناقابل فراموش قرار دیا اور طلبا کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم پر زیادہ توجہ دیں۔ انہوں نے اپنے وارڈ کے عوام سے گذارش کی کہ صفائی کے اہتمام کی طرف خاص توجہ دیں۔ اجلاس کاآغاز جے شفیع اﷲ کی قرا¿ت سے ہوا۔ ایک طالبہ نے نعتیہ اشعار پڑھے۔ عبدالجبار نے خیر مقدمی تقریر کی ۔ کلیم اﷲ نے شکریہ ادا کیا۔ سیف اﷲ نے جلسہ کی نظامت کی ، اس موقع پر نوجوان سیاسی قائد آر رومان بیگ ،مخیر قوم عمر عبداﷲ سیٹھ، مولانا شاکر اﷲ رشادی ، ودیگر نے شرکت کی۔جلسہ میں تینوں اردو اخبارات اور ای ٹی وی اردو کے صحافیوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ جلسہ کے بعد مولانا شاکر اﷲ رشادی کی دعا کے ساتھ منصور احمد خان نے دو بسوں کی چابیاں بی ای ٹی چیرمین اور وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کے حوالے کیں۔


Share: