ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جونیئر ڈاکٹروں کے مطالبات پر 45 فیصد پیش رفت ہو چکی ہے: مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری

جونیئر ڈاکٹروں کے مطالبات پر 45 فیصد پیش رفت ہو چکی ہے: مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری

Wed, 09 Oct 2024 18:11:16    S.O. News Service

کولکاتا، 9/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی )یہاں آر جی کرمیڈیکل کالج  اور اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کی آبروریزی اورقتل کے بعد پورے ملک میں غم  و غصے کی جو لہر اُٹھی تھی، وہ ہنوز کم نہیں ہوئی ہے۔  اس حوالے سے ملک گیر سطح پر احتجاج اور مظاہرے ہورہے ہیں۔ عوام کی اسی برہمی کو کم کرنے اور موجودہ حالات سے ملک کوواقف کرانے کیلئے مغربی بنگال کے چیف سیکریٹری نے اپنی صفائی میں کہا کہ انہوں نے حکومت سے جو کچھ بھی مطالبات کئے  تھے، ان میں سے بیشتر باتیں حکومت نے تسلیم کرلی تھیں اور جو مطالبات تسلیم کئے گئے تھے، ان میں سے ۴۵؍ فیصد سے زیادہ پر کام مکمل بھی ہوچکا ہے۔ ہڑتالی ڈاکٹروں سے کام پرواپس آنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بقیہ کا م کا ۹۰؍ فیصد حصہ آئندہ۳۔۲؍ دنوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

 چیف سیکریٹری منوج پنت نے نوبنو میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کام کی پیش رفت کے حوالے سے دی گئی معلومات کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ۱۰؍ اکتوبر تک۹۰؍ فیصد کام مکمل ہو جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ’’ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کام پر واپس آجائیں۔ بہت سے لوگ واپس آ چکے ہیں، باقی بھی واپس آ جائیں۔ لوگوں کی خدمت کریں۔ ہم سب مل کر ہی ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

 خیال رہے کہ آر جی کر میڈیکل کالج میں ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کے واقعے کو تقریباً دو ماہ ہوچکے ہیں۔ پیر کو سی بی آئی نے  اس معاملے کی چارج شیٹ پیش کردی  ہے۔ اس کے باوجود ریاست کے مختلف میڈیکل کالجوں کے جونیئر ڈاکٹرس احتجاج جاری رکھے ہیں۔ اسی دوران  جونیئر ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے سنیچر کی رات سے دھرم تلہ میں بھوک ہڑتال بھی شروع کر دی ہے۔ انہوں نے سی بی آئی کے تفتیشی عمل پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے لے کر ڈیوٹی رومز اور بیت الخلاء سے لے کر بجلی کے کنکشن تک، وہ تمام کام جو ڈاکٹروں کے مطالبات میں شامل تھے، تکمیل کے قریب ہیں۔ ریفرل سسٹم پر بھی بات ہوئی ہے۔ پنت نے کہا کہ ان کے ساتھ۱۵؍ تاریخ سے ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم یکم نومبر سے پوری ریاست میں شروع کیا جائے گا، ہم اس ہدف کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ پنت نے کہاکہ ریاست میں۲۸؍ میڈیکل کالج ہیں۔ وہاں کل۷؍ ہزار۵۱؍ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ ان میں سے ۴۵؍ فیصد کیمرے پہلے ہی انسٹال ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ہماری نیت صاف ہے۔ سپریم کورٹ نے زیادہ محفوظ اور منصفانہ ماحول بنانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تمام مقامی اسپتالوں سے لے کر محکمہ صحت تک سب مل کر کام کر رہے ہیں،اس طرح ۱۱۳؍ کروڑروپے کا کام پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے اوربقیہ کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کام عوام کی خدمت کیلئے ہیں،اسلئے اس میں اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

 دریں اثناکولکاتا پولیس کےنئے کمشنر منوج ورما نے اپنے عملے کے ساتھ، احتجاجی ڈاکٹروں سے بھی صبر و تحمل برتنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ یہ تحریک دیگر ۵؍  مظاہروں سے مختلف ہے،ا سلئے اس ہڑتال کو سکون اور تحمل کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کشیدہ ماحول میں زیادہ سے زیادہ عام لوگوں کو اور خاص طور پر خواتین کو پرامن ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔منوج ورما نے رہنما خطوط میں کہاکہ پولیس اہلکاروں کو کسی بھی عورت کے ساتھ غیر مہذب سلوک  نہیں کرنا چاہئے۔ خیال رہے کہ بھوک ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں نےپولیس پر عدم تعاون کا الزام لگایا ہے۔ مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ بائیو ٹوائلٹس کی درخواست کولکاتا پولیس  سے کی گئی تھی لیکن اسے پورا نہیں کیا گیا۔ مظاہرین نے جمعہ کو پولیس پر اُن کے ساتھ ہاتھا پائی کا بھی الزام لگایا ہے۔ اس صورت حال میں کولکاتا پولیس کے نئے کمشنر منوج ورما نے مظاہرین سے نمٹنے کیلئےرہنما خطوط میں واضح کیا کہ اس تحریک کا باقی واقعے سے موازنہ نہیں کیا جائے۔ 

  کہا جاتا ہے کہ مغربی بنگال میںممتا بنرجی کے ذریعہ دکھائے گئے بھوک ہڑتال کے راستے کو اب جونیئر ڈاکٹرس انہی کے خلاف  استعمال کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ ممتا بنرجی جب اپوزیشن میں تھیں تو وہ حکومت کے خلاف احتجاج اور بھوک ہڑتال کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی تھیں ۔سینگور کے معاملے میں ممتا بنرجی نے سب  سے طویل بھوک ہڑتال کرکے بدھا دیب بھٹاچاریہ کی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا تھا لیکن اب اسی ہتھیار کو استعمال کرکے جونیئر ڈاکٹر س ممتا بنرجی کیلئے مشکلات  پیدا کر رہے ہیں ۔


Share: