سری نگر، 9/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام اس علاقے میں نیشنل کانفرنس نے سب سے زیادہ 42 نشستیں جیتی ہیں، اور اب عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت سازی کی کوششیں جاری ہیں۔ بدھ کے روز عمر عبداللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہم لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کریں گے اور پھر حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی۔"
جموں علاقہ میں بی جے پی کو کثیر ووٹ ملنے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں امن کے ماحول میں مل کر لوگوں کی خدمت کریں۔ ایسا نہیں ہے کہ جہاں جہاں ہمیں ووٹ نہیں دیا گیا ہم انھیں بھول جائیں۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ 80 فیصد لوگوں نے جموں میں بی جے پی کو ووٹ دیا ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم انھیں فراموش کر دیں۔ ان کو بھی اتنی ہی فائدہ ملے گا جتنا 20 فیصد کو ملے گا۔
عمر عبداللہ نے انتخابی منشور میں کیے گئے ’ریاستی درجہ‘ سے متعلق وعدے پر بھی اپنا نظریہ بیان کیا۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس حکومت کابینہ کی پہلی میٹنگ میں جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیے جانے کا مطالبہ کرنے والا قرارداد پاس کرے گی۔ اس کے بعد یہ قرارداد وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس بھیجا جائے گا۔