بنگلورو، 14 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی ) نے اپنی سامان پالیسی میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے جو ریاست بھر میں اس کی بسوں پر سفر کرنے والے تمام مسافروں پر فوری طور پر لاگو ہو چکی ہے۔
روزانہ لاکھوں مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی کے ایس آر ٹی سی کی بسوں میں اب صرف ذاتی سامان ہی نہیں بلکہ بڑے گھریلو اشیاء جیسے ریفریجریٹر، واشنگ مشین، آئرن یا ایلومینیم کے پائپ، ٹائر اور حتیٰ کہ پالتو جانور اور پرندے بھی لے جانے کی اجازت ہوگی، لیکن اس کے لیے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں۔
نئی پالیسی کے مطابق بالغ مسافر 30 کلوگرام تک کا ذاتی سامان مفت لے جا سکتے ہیں، جبکہ بچوں کے لیے 15 کلوگرام کی حد مقرر کی گئی ہے۔ ذاتی سامان میں کپڑے، کتابیں، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں۔ اگر سامان کا وزن اس سے زیادہ ہوا یا وہ کمرشل یا بھاری نوعیت کا ہوا — جیسے فریج، واشنگ مشین، پائپ، خالی ڈبے وغیرہ — تو اس پر اضافی چارجز وصول کیے جائیں گے۔
اسی طرح شہری، سب اربن، آرڈنری اور موفصل سروسز والی بسوں میں اب پالتو جانور جیسے خرگوش، پپی، بلیاں اور پرندوں کو لے جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان جانوروں کا کرایہ بچے کے کرائے کے برابر ہوگا۔ تاہم، یہ سہولت پریمیم بسوں جیسے کرناٹک وئبھَو، راجہمسہ، نان اے سی سلیپر، اور تمام ایئر کنڈیشنڈ بسوں میں دستیاب نہیں ہوگی۔
کے ایس آر ٹی سی نے تمام مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے پہلے متعلقہ اسٹاف سے رابطہ کریں یا ادارے کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر معلومات حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ یہ نیا قدم جہاں مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتا ہے، وہیں کے ایس آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافے کی بھی ایک کوشش ہے۔