ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں عام آدمی پارٹی کی شکست کیوں ہوئی؟ یوگیندر یادو نے گنوائیں اہم وجوہات

دہلی میں عام آدمی پارٹی کی شکست کیوں ہوئی؟ یوگیندر یادو نے گنوائیں اہم وجوہات

Mon, 10 Feb 2025 17:05:09    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 10/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخاب میں شکست کے بعد عام آدمی پارٹی اندرونی جائزے میں مصروف ہے، جبکہ اروند کیجریوال کے سابق ساتھی یوگیندر یادو نے بھی پارٹی کی ناکامی کی کچھ وجوہات بیان کی ہیں۔ یوگیندر یادو کے مطابق، 2020 کے انتخابات کے بعد دہلی کے عوام کو کوئی نیا متبادل نہیں ملا، اور بات صرف مفت بجلی اور بس سفری سہولیات تک محدود رہی۔ ’دی ریڈ مائک‘ سے گفتگو میں انہوں نے کہا، ’’عام آدمی پارٹی نے اخلاقیات اور متبادل سیاست کی بات چھوڑ دی اور صرف گڈ گورننس پر زور دیا۔ کوئی شک نہیں کہ دہلی کے اسکولوں اور محلہ کلینک میں بہتری آئی، اور پارٹی کو اس کی تشہیر کرنا بھی خوب آتا تھا، اس پر انہیں کوئی الزام نہیں دیا جا سکتا۔‘‘

یوگیندر یادو نے آگے کہا کہ ’’2020 کے انتخاب میں انہیں عوام کی حمایت حاصل ہوئی یہ ان کی کامیابی تھی۔ انہیں اس کا فائدہ بھی ملا۔ اس کے بعد سے کُل ملا کر مفت بجلی اور خواتین کو دی گئی بس ٹکٹ کے اوپر ہی بات چل رہی تھی۔ نئی چیز نہیں ہو رہی تھی۔ ایسا نہیں ہو رہا تھا کہ دہلی کے عوام کو محسوس ہو کہ دہلی کا چہرہ بدل رہا ہے۔ 2022 میں ایم سی ڈی کا انتخاب جیت گیا تو بہانہ ختم ہو گیا۔ عوام نے سوال کیا اور عآپ جواب دینے میں ناکام رہی۔‘

عام آدمی پارٹی پر طنز کستے ہوئے یوگیندر یادو نے کہا کہ ’’عآپ کی حکمت عملی یہ ہے کہ بی جے پی نے ہندو ووٹ کی سیاست کی ہے۔ ہم بھی بی جے پی ہی کی طرح سیاست کریں گے اور خود کو اس سے زیادہ ہندو ثابت کریں گے۔ جب فسادات ہوں گے تو خاموش رہیں گے اور آنکھ بند کر لیں گے۔ روہنگیا کا مسئلہ آئے گا تو بی جے پی سے بڑا روہنگیا مخالف بن کر دکھائیں گے۔ ایسے میں کیسے کانگریس عآپ کا ساتھ دے گی۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ’’آج کے اس نتیجہ سے کانگریس اور عآپ کو سبق ملتا ہے کہ وہ بی جے پی کا مقابلہ اس کی پونچھ پکڑ کر نہیں کر سکتے۔ بی جے پی کے نظریے کو دہراتے ہوئے، بی جے پی کے جملے کو قبول کرتے ہوئے، ان کی فرقہ وارانہ سیاست پر یقین کرتے ہوئے اسے شکست نہیں دے سکتے۔‘‘


Share: