ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نئے ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد پر تنظیم ذمہ داران کا استقبال؛ غوثیہ اسٹریٹ میں گندے پانی کی نکاسی اور نیشنل ہائی وے کے مسائل کے حل پر زور

نئے ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد پر تنظیم ذمہ داران کا استقبال؛ غوثیہ اسٹریٹ میں گندے پانی کی نکاسی اور نیشنل ہائی وے کے مسائل کے حل پر زور

Sat, 14 Nov 2026 20:21:09    S O News
نئے ڈپٹی کمشنر کی بھٹکل آمد پر تنظیم ذمہ داران کا استقبال؛ غوثیہ اسٹریٹ میں گندے پانی کی نکاسی اور نیشنل ہائی وے کے مسائل کے حل پر زور

بھٹکل، 14 نومبر (ایس او نیوز): اُترکنڑا ضلع کے نئے ڈپٹی کمشنر ہرشل نارائن راو بویر کی بھٹکل آمد پر مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران نے ان کا استقبال کیا اور شہر کے اہم شہری مسائل پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔

آئی اے ایس افسر ہرشل نارائن راو بویر نے بدھ کو کاروار پہنچ کر ضلع کے ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ سنیچر کو بھٹکل کے اپنے پہلے دورے کے موقع پر تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری کی قیادت میں وفد نے ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پرعنایت اللہ شاہ بندری نے غوثیہ اسٹریٹ کے پمپنگ اسٹیشن سے تاریخی سرابی ندی میں چھوڑے جانے والے گندے پانی کے مسئلے کو تفصیل سے پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پمپنگ اسٹیشن سے خارج ہونے والے گندے پانی کے باعث نہ صرف غوثیہ اسٹریٹ بلکہ ندی کے اطراف کے کئی علاقے شدید متاثر ہیں۔ پوری ندی گندے نالے میں تبدیل ہوچکی ہے، جس کے نتیجے میں سینکڑوں کنویں آلودہ ہوگئے ہیں اور علاقے میں پھیلنے والی شدید بدبو سے عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا ہے۔

boyer-bhatkal-visit-2.jpg

انہوں نے کہا کہ ندی اور کنوؤں کے آلودہ ہونے سے مقامی لوگوں کے لیے صاف پانی کی فراہمی بھی ایک سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی کہ وہ متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیں اور اس مسئلے کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ وہ متعلقہ حکام سے اس معاملے میں تفصیلات حاصل کرکے مسئلے کے حل کی جانب توجہ دیں گے۔

ملاقات کے دوران بھٹکل سے گزرنے والی نیشنل ہائی وے کے جاری تعمیراتی کاموں اور ان سے وابستہ حفاظتی خدشات پر بھی گفتگو ہوئی۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ ہائی وے کی موجودہ تعمیر اور بعض مقامات پر مناسب کنیکنٹگ راستوں کی عدم دستیابی سے سڑک حادثات کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

وفد نے خاص طور پر ڈاؤن ٹاؤن سے انجمن کالج اور سنتے مارکیٹ کی جانب جانے کے لیے نیشنل ہائی وے کراس کرکے جانے اور اس کے لئے مناسب راستہ نہ ہونے کا مسئلہ اٹھایا اور ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی کہ وہ خود اس مقام کا دورہ کرکے ہائی وے کی صورت حال کا جائزہ لیں۔ بتایا گیا کہ اس مقام پر ہائی وے عبور کرکے کالج اور مارکیٹ جانے کے دوران آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں، جس سے طلبہ اور عام شہریوں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

اسی طرح قدوائی روڈ سے ریلوے اسٹیشن کی جانب جانے کے لیے انڈر پاس تعمیر کرنے اور رنگین کٹے سے تینگنگونڈی کراس تک سروس روڈ فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ وفد نے ہائی وے پر مناسب روشنی نہ ہونے اور بعض مقامات پر گہرے اندھیرے کے باعث حادثات کے بڑھتے خدشات کی نشاندہی کرتے ہوئے مناسب لائٹنگ اور ضرورت کے مطابق ٹریفک سگنل نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر شمس الدین سرکل پر فلائی اوور کی تعمیر کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ سرکل کے اوپر فلائی اوور کی تعمیر سے یہاں ٹریفک کا ایک بڑا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات چیت کرکے فلائی اوور کی تعمیر کے لیے کوشش کریں گے۔ ملاقات میں بھٹکل کے دیگر شہری مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اُترکنڑا ضلع کے ایس پی دیپین ایم این بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اختتام پر بھٹکل میں 27 سے 29 نومبر تک منعقد ہونے والے تین روزہ ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین عنایت اللہ شاہ بندری نے ڈپٹی کمشنر اور ایس پی کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی اور درخواست کی کہ وہ اس موقع پر نوجوانوں کے نام اپنا پیغام بھی دیں۔

تنظیم کے وفد میں نائب صدر قمر سعدا، میڈیکل اقبال، بلال قمری اور دیگر ذمہ داران بھی شامل تھے۔

Click here for report in English


Share: