بنگلورو، 12 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی):ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا نے خواتین کو تعلیم، تہذیب اور ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی لڑکیاں صرف اسکولوں اور کالجوں میں ہی نہیں بلکہ فوج، خلائی سائنس اور دیگر اہم شعبوں میں بھی نمایاں کارنامے انجام دے رہی ہیں، جو ملک کی ترقی میں ان کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیر اعلیٰ آج بنگلور کے رویندر کلا کشیترا میں منعقدہ رانی اہلیابائی ہولکر کی 300 ویں یومِ پیدائش کی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر ریاستی اہلیابائی مہیلا سنگھ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تنظیم کا 25 سال مکمل کرنا بڑی کامیابی ہوتی ہے، اور اس سنگھ کو کامیاب بنانے میں یلّما اور ان کی پوری ٹیم کی مسلسل محنت قابل تعریف ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے جو منتر "تعلیم، تنظیم اور جدوجہد" دیا تھا، وہ آج بھی خواتین کی ترقی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شودر اور خواتین تعلیم سے محروم رہے، مگر ڈاکٹر امبیڈکر اور ہندوستانی دستور نے انہیں مساوی حقوق دیے۔ اپنی مثال دیتے ہوئے سدارامیا نے کہا کہ اگر انہیں تعلیم حاصل نہ ہوئی ہوتی تو وہ آج بھی مویشی چرارہے ہوتے، لیکن تعلیم نے ہی انہیں وزیر اعلیٰ کے مقام تک پہنچایا۔
رانی اہلیابائی کی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے 20 سال حکومت کی، مگر سلطنت کی توسیع کی خواہش نہ رکھتے ہوئے سادگی سے زندگی گزاری اور اصلاحات پر توجہ دی۔ ان کی حکومت نے کم عمری کی شادیوں پر پابندی لگاتے ہوئے سماجی بیداری کی مثال قائم کی۔ سدارامیا نے کہا کہ رانی اہلیابائی ایک سیکولر سوچ کی مالک تھیں اور انہوں نے بین ذات شادی کر کے معاشرے میں برابری کا پیغام دیا۔
مزید بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کی خود مختاری کے لیے "گرہالکشمی" اور "شکتی اسکیم" جیسے منصوبے نافذ کر چکی ہے، جس سے خواتین کی سماجی طاقت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس خیال کو رد کیا کہ یہ اسکیمیں خواتین کو سست بناتی ہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ اسکیمیں ان کے اعتماد اور خودانحصاری کا ذریعہ بن رہی ہیں۔
آخر میں وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ ریاستی اہلیابائی مہیلا سنگھ کو بنگلور شہر میں زمین فراہم کی جائے گی، تاکہ تنظیم اپنے مقاصد کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھ سکے۔