ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دسمبر میں تھوک مہنگائی 2.37 فیصد پر پہنچ گئی، سبزیوں اور گوشت-مچھلی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

دسمبر میں تھوک مہنگائی 2.37 فیصد پر پہنچ گئی، سبزیوں اور گوشت-مچھلی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

Wed, 15 Jan 2025 10:52:14    S.O. News Service

نئی دہلی  ، 15/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی )دسمبر 2024 کے دوران تھوک مہنگائی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، حالانکہ خوردہ مہنگائی میں قدرے کمی دیکھنے کو ملی۔ آلو، پیاز، گوشت اور مچھلی جیسی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا، جو عام شہریوں کے بجٹ پر اثر انداز ہوا۔ اس کے علاوہ، تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، جس نے مجموعی طور پر تھوک مہنگائی کو بڑھاوا دیا۔ دسمبر 2023 اور نومبر 2024 کے مقابلے میں اس سال کے دسمبر میں مہنگائی کی سطح زیادہ رہی۔ پیر (13 جنوری) کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ تھوک مہنگائی کے تازہ ترین اعداد و شمار اس رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تھوک قیمت پر مبنی مہنگائی دسمبر 2024 میں بڑھ کر 2.37 فیصد ہو گئی۔ حالانکہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ ڈبلیو پی آئی پر مبنی مہنگائی نومبر 2024 میں 1.89 فیصد تھی۔ دسمبر 2023 میں 0.86 فیصد تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی دسمبر 2024 میں کم ہو کر 8.47 فیصد رہ گئی جب کہ نومبر میں یہ 8.63 فیصد تھی۔ سبزیوں کی مہنگائی نومبر میں 28.57 کے مقابلے میں دسمبر میں 28.65 فیصد دیکھنے کو ملی۔

حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق روزمرہ کی اشیائے ضروریہ کی تھوک قیمتوں کا حال کچھ اس طرح رہا:

  1. سبزیوں کی مہنگائی نومبر میں 28.57 کے مقابلے میں دسمبر میں 28.65 فیصد دیکھنے کو ملی۔

  2. آلو کی مہنگائی میں کسی طرح کی کمی دیکھنے کو نہیں ملی اور 93.20 فیصد کی بلند سطح پر برقرار رہی۔

  3. پیاز کی مہنگائی میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا اور دسمبر میں بڑھ کر 16.81 فیصد ہو گئی۔

  4. جب کہ دسمبر میں دال اور گیہوں جیسے اشیائے خوردونوش کی مہنگائی میں کمی ہوئی۔

  5. ایندھن اور بجلی کی مہنگائی میں دسمبر میں کمی آئی ہے جو نومبر 5.83 فیصد کے مقابلے دسمبر میں 3.79 فیصد رہی۔

  6. تیار شدہ مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا۔ نومبر میں تیار شدہ مصنوعات کی مہنگائی 2 فیصد تھی جو دسمبر میں بڑھ کر 2.14 فیصد ہو گئی۔

قابل ذکر ہے کہ دسمبر 2024 میں خوردہ مہنگائی 5.22 فیصد کی کمی کے ساتھ 4 ماہ کی سب سے کم ترین سطح پر آ گئی جب کہ نومبر میں یہ 5.48 فیصد تھی۔ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر نومبر میں 5.48 فیصد اور دسمبر 2023 میں 5.69 رہی۔ قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) کے ذریعہ سی پی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی کم ہو کر 8.39 فیصد رہ گئی۔ نومبر 2024 میں یہ 9.04 فیصد اور دسمبر 2023 میں 9.53 فیصد تھی۔


Share: