ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / موسم میں تبدیلی جاری، کہیں بڑھتی گرمی تو کہیں بارش اور سرد ہوائیں

موسم میں تبدیلی جاری، کہیں بڑھتی گرمی تو کہیں بارش اور سرد ہوائیں

Sat, 08 Mar 2025 16:22:56    S O News

  نئی دہلی ، 8/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی اچانک تبدیلی نے عوام کو حیران کر دیا ہے۔ کچھ علاقوں میں دن کے وقت ہلکی دھوپ اور معمول کا درجہ حرارت دیکھنے کو ملا، لیکن رات کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق ملک بھر میں موسم کے انداز مختلف نظر آ رہے ہیں۔ کہیں گرمی نے دستک دے دی ہے، تو کچھ مقامات پر اب بھی سردی اور بارش کا اثر برقرار ہے۔

قومی راجدھانی دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں موسم اب گرمی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ گزشتہ دنوں تیز ہواؤں اور ہلکی ٹھنڈ کے بعد سورج کی تپش بڑھنے لگی ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس تک رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی میں دن میں آسمان صاف رہے گا اور دھوپ میں ہلکی گرمی کا احساس بھی ہوگا۔ ہوائیں 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل سکتی ہے۔ اگلے کچھ دنوں تک درجہ حرارت میں رفتہ رفتہ اضافہ ہونے کی امید ہے جس سے مارچ کے وسط تک گرمی کا اثر اور بھی بڑھ سکتا ہے۔

اتر پردیش کی بات کی جائے تو آج (8 مارچ) یہاں موسم مستحکم اور صاف رہنے کے آثار ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ریاستوں کے زیادہ تر حصوں میں دن خشک رہے گا اور گرمی کی شروعات کا احساس ہونے لگا ہے۔ حالانکہ علاقے کی بنیاد پر موسم میں ہلکی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ درجہ حرارت کے 26 سے 30 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کی امید ہے۔ لکھنؤ، کانپور اور وارانسی جیسے شہروں میں یہ 30-28 ڈگری تک کا جاسکتا ہے۔

صبح کے وقت مغربی اتر پردیش کے کچھ علاقوں جیسے سہارنپور، میرٹھ اور آگرہ میں ہلکا کہرا یا دھند رہ سکتا ہے جو دوپہر تک ختم ہو جائے گا۔ ہواؤں کی رفتار 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹے کے درمیان رہے گی جو موسم کو معمول پر بنائے رکھے گی۔ اس دوران بارش یا آندھی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

میدانی علاقوں میں پنجاب، ہریانہ میں صبح کے وقت ہلکا کہرا چھایا رہ سکتا ہے، لیکن دن کے چڑھنے کے ساتھ موسم صاف ہو جائے گا۔ اتر پردیش میں لکھنؤ اور آس پاس کے علاقوں میں درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا اور موسم زیادہ تر خشک ہوگا۔

مشرقی ہند میں موسم کا مزاج تھوڑا نم رہے گا۔ بہار میں آج ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 25 سے 30 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا لیکن ہوا میں نمی کی وجہ سے اومس کا احساس ہو سکتا ہے۔ سکم میں بھی محکمہ موسمیات نے 8-7 مارچ کو آندھی طوفان کے ساتھ بارش کی وارننگ دی ہے۔ اروناچل پردیش اور آسام کے کچھ حصوں میں بھی ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

جنوبی ہند میں تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں گرم اور اومس بھرا موسم رہنے کا امکان ہے۔ چنئی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سیلسیس تک جا سکتا ہے اور ہوا میں نمی کی سطح 60 سے 70 فیصد تک رہے گی۔ کیرالہ میں ہلکی بارش کے آثار ہیں خاص کر ساحلی علاقوں میں۔ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرناٹک اور آندھرا پردیش میں موسم زیادہ تر صاف اور خشک رہے گا، لیکن دن کے وقت گرمی کا اثر بڑھے گا۔


Share: