نئی دہلی 14/ جنوری (ایس او نیوز): سینئر بی جے پی لیڈر ڈاکٹر سبرامنیم سوامی نے ایک بار پھر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں 'ویٹر' قرار دیاہے۔ سوامی کی یہ تنقید اس وقت سامنے آئی جب مرکزی حکومت نے اعلان کیا کہ جے شنکر رواں ماہ کے آخر میں امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔
سوامی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں لکھا:
"میرے امریکی دوست ان خبروں پر ہنس رہے ہیں کہ 'بھارت کو ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔'"

انہوں نے مزید کہا:
"ویٹر کو مدعو کیا گیا لیکن وزیر اعظم کو نہیں!! کیا یہ اور بڑی توہین نہیں ہے؟ ویٹر کو دعوت نامہ قبول کرنے پر برطرف کر دینا چاہیے۔"
اس سے قبل سوامی نے الزام لگایا تھا کہ وزیر اعظم نے جے شنکر کو امریکہ بھیجا تاکہ وہ حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ حاصل کریں۔ جے شنکر 24 سے 29 دسمبر تک امریکہ کے سرکاری دورے پر تھے، جو ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد ان کا پہلا سرکاری دورہ تھا۔
اس موقع پر سوامی نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوامی نے کہا:
"مودی نے ویٹر کو امریکہ بھیجا ہے اور کہا ہے کہ میرے لیے دعوت نامہ لے کر آؤ، ورنہ تمہاری نوکری ختم۔"
سوامی نے مزید کہا کہ فی الحال ڈونلڈ ٹرمپ مودی کو مدعو کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مودی نے 2023 میں ٹرمپ کی دعوت ٹھکرا کر انہیں ناراض کیا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سوامی نے وزیر اعظم کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا ہو۔ اس سے قبل وہ چین کے ساتھ سرحدی معاملات پر بھی حکومت کے رویے پر تنقید کر چکے ہیں