ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنانا ہمارا عزم، نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ میں لالو پرساد کا اعلان

تیجسوی کو وزیر اعلیٰ بنانا ہمارا عزم، نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ میں لالو پرساد کا اعلان

Thu, 06 Feb 2025 13:05:44    S.O. News Service

پٹنہ،  6/فروری (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی میں اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ بہار میں بھی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی آ رہی ہے۔ اس دوران آر جے ڈی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے اپنے بیٹے تیجسوی یادو کو ریاست کا وزیر اعلیٰ بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ 5 فروری کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے آبائی ضلع نالندہ میں ایک عوامی جلسہ میں خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا، ’’ہم ہر حالت میں تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا، ’’ہمیں ایک ہو کر اس ملک میں اپنی حکومت بنانی ہے۔ آپ کسی کے سامنے سر نہیں جھکانا، نہ ہم نے کبھی جھکایا ہے اور نہ آپ کو جھکنے کی ضرورت ہے۔‘‘

لالو پرساد یادو نالندہ واقع اسلام پور اسمبلی کے سابق رکن اسمبلی آنجہانی کرشن ولبھ پرساد کے 24ویں یوم وفات پر منعقد تقریب میں شرکت کرنے پہنچے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے لوگوں سے کہا کہ ’’میں آپ لوگوں سے اپیل کرتا ہوں، آپ لوگ اس ملک کی حفاظت کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہوں۔ ہم حکومت بنائیں گے۔ تیجسوی یادو کو ہر حال میں ہم لوگ وزیر اعلیٰ بنائیں گے۔‘‘ انھوں نے لگے ہاتھوں کچھ وعدے بھی کر دیے۔ لالو پرساد نے کہا کہ ’’خواتین کو 2500 روپے دیے جائیں گے۔ جس طرح جھارکھنڈ میں دیا جا رہا ہے، اور مفت بجلی بھی دیا جائے گا، روزگار بھی ملے گا۔ ہم جو بولتے ہیں، وہ کرتے ہیں۔‘‘

یہ تقریب اسلام پور رکن اسمبلی راکیش کمار روشن کے ذریعہ منقد کی گئی تھی۔ لالو پرساد نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ انھیں اپنی بھرپور حمایت دیں۔ اس تقریب میں آر جے ڈی کے قومی جنرل سکریٹری عبدالباری صدیقی، حکومت ہند کے سابق وزیر جئے پرکاش نارائن اور آر جے ڈی ترجمان شکتی سنگھ یادو نے بھی شرکت کی۔ لالو پرساد کو سننے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ بھی پہنچے تھے۔ خانقاہ ہائی اسکول کے میدان میں منعقد اس تقریب میں آر جے ڈی کے لیے نعرے بلند ہوتے ہوئے بھی سنائی دیے۔


Share: