ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے وجے پورہ میں نقاب پوش لُٹیروں نے بینک میں گھس کر کی لوٹ مار؛ عملے کو باندھ کر لے اُڑے 20 کروڑ روپے نقد اور سونا

کرناٹک کے وجے پورہ میں نقاب پوش لُٹیروں نے بینک میں گھس کر کی لوٹ مار؛ عملے کو باندھ کر لے اُڑے 20 کروڑ روپے نقد اور سونا

Wed, 17 Sep 2025 14:35:23    S O News
کرناٹک کے وجے پورہ میں نقاب پوش لُٹیروں نے بینک میں گھس کر کی لوٹ مار؛ عملے کو باندھ کر لے اُڑے 20 کروڑ روپے نقد اور سونا

وجے پورہ (پی ٹی آئی/ایس او نیوز): نقاب پوش تین افراد نے دیسی پستول اور چاقوؤں کے زور پر وجے پورہ ضلع کے ایک قومی بینک میں گھس کر عملے کو باندھنے کے بعد  لوٹ مار کرتے ہوئے  20 کروڑ روپے سے بھی  زائد نقدی اور سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگئے،  اس بات کی اطلاع پولیس نے بدھ کو  دی۔

 واردات منگل کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے ضلع کے چڈچن قصبہ میں واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ میں پیش آئی۔ بینک حکام کے مطابق نقدی اور سونے کے زیورات کی مالیت 21 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم بینک میں کرنٹ اکاؤنٹ کھلوانے کے بہانے داخل ہوئے اور مینیجر، کیشر اور دیگر ملازمین کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا، پھر ان کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکو ایک کروڑ روپے سے زیادہ نقدی اور تقریباً 20 کلو وزنی سونے کے زیورات، جن کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بنتی ہے، لے کر فرار ہوگئے۔

بینک مینیجر کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے جعلی نمبر پلیٹ والی ایک سوزوکی ایوا گاڑی استعمال کی اور واردات کے بعد مہاراشٹر کے پندھرپور کی سمت روانہ ہوگئے۔

وجے پورہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لکشمن نمبارگی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ  مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو پکڑنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔


Share: