ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وی نارائنن بنے اسرو کے نئے چیئرمین، 14 جنوری کو ایس سومناتھ سبکدوش ہوں گے

وی نارائنن بنے اسرو کے نئے چیئرمین، 14 جنوری کو ایس سومناتھ سبکدوش ہوں گے

Wed, 08 Jan 2025 17:03:06  Office Staff   S.O. News Service

چنئی ، 8/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)ڈاکٹر وی نارائنن کو ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے منگل کو اعلان کیا کہ خلائی سائنسدان وی نارائنن اسرو کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ اسپیس ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری کا عہدہ بھی سنبھالیں گے۔ راکیٹ اور اسپیس کرافٹ آپریشن کے ماہر نارائنن 14 جنوری کو ایس سومناتھ کی جگہ ذمہ داری سنبھالیں گے، جو 2 سال کی مدت کار مکمل ہونے کے بعد سبکدوش ہو رہے ہیں۔ نارائنن بھی اس عہدے پر 2 سال تک خدمات انجام دیں گے۔

ڈاکٹر نارائنن فی الحال ولیامالا واقع لکوئڈ پروپلشن سسٹم سینٹر (ایل پی ایس سی) کے ڈائریکٹر ہیں۔ انہیں 40 سال کا تجربہ ہے۔ نارائنن نے جی ایس ایل وی ایم کے-ٰٰIII ایم1/چندریان-2 اور ایل وی ایم3/چندریان-3 جیسے پروجیکٹس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسرو میں ڈاکٹر نارائنن ایک بڑا نام ہیں۔ انہوں نے جی ایس ایل وی ایم کے 3 کے سی 25 کرایوزنک پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا ہے۔ ان کی قیادت میں ٹیم نے سی 25 اسٹیج کو کامیابی کے ساتھ تیار کیا۔ یہ جی ایس ایل وی ایم کے-III کا ایک اہم حصہ ہے۔ ڈاکٹر نارائنن کی قیادت میں ایل پی ایس سی نے مختلف اسرو مشنوں کے لیے 183 لکوئڈ پروپلشن سسٹم اور کنٹرول پاور پلانٹ دیے ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل وی کے دوسرے اور چوتھے مرحلے کی تعمیر پر بھی کام کیا ہے۔ پی ایس ایل وی سی 57 کے لیے کنٹرول پاور پلانٹ بھی ان کی دیکھ ریکھ میں بنے۔ آدتیہ خلائی جہاز اور جی ایس ایل وی ایم کے-III مشن، چندریان-2 اور چندریان-3 کے پروپلشن سسٹم میں بھی ان کا اہم تعاون رہا ہے۔ ابتدائی دور میں ڈاکٹر نارائنن نے وکرم سارا بھائی خلائی مرکز (وی ایس ایس سی) میں ساؤنڈنگ راکیٹ اور اے ایس ایل وی اور پی ایس ایل وی کے ٹھوس پروپلشن شعبہ میں کام کیا۔

ڈاکٹر نارائنن نے اپنی اسکولی تعلیم اور ڈی ایم ای اوّل رینک اور میکانیکل انجینئرنگ میں اے ایم آئی ای کے ساتھ مکمل کی ہے۔ انہوں نے کرایوزنک انجینئرنگ میں پہلے رینک کے ساتھ ایم ٹیک اور ایرواسپیس انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی مکمل کی۔ ڈی ایم ای پورا کرنے کے فوراً بعد ٹی آئی ڈائمنڈ چین لمیٹیڈ، مدراس ربر فیکٹری، بی ایچ ای ایل، ترچی اور بی ایچ ای ایل رانی پیٹ میں ڈیڑھ سال تک کام کیا۔ وہ 1984 میں اسرو میں شامل ہوئے اور جنوری 2018 کو ایل پی ایس سی کے ڈائریکٹر بننے سے پہلے مختلف شعبوں میں کام کیا۔


Share: