ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اتراکھنڈ گلیشیئر حادثہ: 4 مزدوروں کی موت، کانگریس کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی

اتراکھنڈ گلیشیئر حادثہ: 4 مزدوروں کی موت، کانگریس کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی

Sun, 02 Mar 2025 17:03:14    S O News

دہرادون  ،2/  مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)اتراکھنڈ کے چمولی میں 28 فروری کو ہند-چین سرحد کے قریب مانا کیمپ کے پاس گلیشیئر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں 55 مزدور (کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق 57) برف میں پھنس گئے تھے۔ یکم مارچ کو بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا، اور اب تک 46 مزدوروں کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے، جبکہ 4 مزدوروں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ باقی 5 مزدوروں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔

اس درمیان کانگریس نے مہلوکین کے اہل خانہ کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تعزیتی پیغام پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اتراکھنڈ کے چمولی میں گلیشیئر ٹوٹنے سے ہوئی زبردست تباہی میں کئی لوگوں کی موت کی خبر بے حد تکلیف دہ ہے۔ اس تکلیف کے وقت میں ایشور غمزدہ کنبوں کو ہمت دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔ کانگریس فیملی کی ہمدردیاں متاثرہ کنبوں کے ساتھ ہیں۔‘‘

کانگریس نے اپنے اس پوسٹ میں مقامی انتظامیہ سے ریسکیو مہم بہتر انداز میں کرنے کی گزارش کی ہے۔ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’انتظامیہ سے اپیل ہے کہ لوگوں کو جلد از جلد بہ حفاظت باہر نکالا جائے اور ان کے پاس راحتی اشیاء پہنچائی جائیں۔‘‘ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کسی بھی وقت گراؤنڈ زیرو پر جا کر حالات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہیلی ریسکیو کے لیے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ یوکاڈا کے ہیلی کاپٹروں کو بھی ہفتہ کی صبح ریسکیو مہم میں شامل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح جنگی سطح پر راحت و بچاؤ کاری کا عمل آگے بڑھایا جائے گا اور ہر مزدور کی بہ حفاظت واپسی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔


Share: