ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں پولیس کے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز؛ ڈپٹی کمشنر نے کیا افتتاح

کاروار میں پولیس کے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز؛ ڈپٹی کمشنر نے کیا افتتاح

Fri, 27 Nov 2026 14:36:38    S O News
کاروار میں پولیس کے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا آغاز؛ ڈپٹی کمشنر نے کیا افتتاح

کاروار 27 نومبر (ایس او نیوز): اُتر کنڑا ضلع پولیس کے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا جمعہ کو یہاں پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ضلع ڈپٹی کمشنر ہرشل بوئیر نے افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کی مصروف اور دباؤ بھری ڈیوٹی کے پیش نظر سالانہ کھیلوں کے مقابلے انہیں اپنی جسمانی صحت اور فٹنس پر توجہ دینے کے ساتھ ذہنی دباؤ سے نجات حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی اور ساحلی علاقوں میں حساس ذمہ داریوں سمیت پولیس اہلکاروں کو روزانہ مختلف نوعیت کے فرائض انجام دینے پڑتے ہیں۔ ایسے میں یہ مقابلے انہیں اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر اجتماعی طور پر کھیلوں میں حصہ لینے اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ پورے جوش اور ٹیم اسپرٹ کے ساتھ ان مقابلوں میں حصہ لیں۔

img-20261127-wa0016.jpg
img-20261127-wa0018.jpg

اپنے سابقہ تجربات کا ذکر کرتے ہوئے ہرشل بوئیر نے بتایا کہ 2014 میں یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی کے بعد وہ جموں و کشمیر کیڈر میں پولیس سروس سے وابستہ ہوئے تھے اور اے ایس پی کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں۔ بعد ازاں 2016 میں آئی اے ایس کے لیے منتخب ہوئے، تاہم پولیس محکمہ میں حاصل کردہ تربیت اور خدمات کی یادیں آج بھی ان کے لیے تازہ ہیں۔

اس موقع پر ضلع ایس پی دیپن ایم این، کائگا سی آئی ایس ایف کے کمانڈنٹ اجے کمار جھا اور ایڈیشنل ایس پی کرشن مورتی موجود تھے۔ گزشتہ سال کے کھیلوں کے چیمپئن ناگراج ہورگنڈی نے کھیلوں کی مشعل روشن کی۔ باکسنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلع کے کھلاڑیوں درشن سدّی، پون سدّی، دنیش سدّی، کمار سونل، ارپیتا اور نیہا کی تہنیت کی گئی۔

27 نومبر سے تین روز تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں ڈی اے آر ٹیم، کاروار، سرسی، بھٹکل اور ڈانڈیلی ڈویژنوں کے علاوہ خواتین پولیس ٹیم کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

Click here for report in English 


Share: