ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا : لاکھوں روپے مشاہرہ پیش کرنے پر بھی سرکاری اسپتالوں کے لئے نہیں ملتے ماہر ڈاکٹر ۔ 60 ماہرین سمیت 100 سے زائد ڈاکٹروں کے عہدے پڑے ہیں خالی

اتر کنڑا : لاکھوں روپے مشاہرہ پیش کرنے پر بھی سرکاری اسپتالوں کے لئے نہیں ملتے ماہر ڈاکٹر ۔ 60 ماہرین سمیت 100 سے زائد ڈاکٹروں کے عہدے پڑے ہیں خالی

Sat, 21 Nov 2026 18:45:59    S O News

کاروار، 21 / نومبر ( ایس او نیوز)عوام کو اعلیٰ طبی خدمات فراہم کرنے کے معاملے میں سرکاری اور پرائیویٹ دونوں محاذوں پر دکشن کنڑا اور اڈپی کے مقابلے میں اتر کنڑا پچھڑا ہوا ضلع ہے ۔ 
    
اتر کنڑا محکمہ صحت و خاندنی بہبود کی ایک رپورٹ کےمطابق اس وقت ضلع کے سرکاری اسپتالوں کے لئے 290 ڈاکٹروں کی ضرورت ہے ۔ ان میں سے صرف 181 عہدوں پر ڈاکٹر موجود ہیں ۔ بقیہ 109 ڈاکٹروں کے عہدے خالی پڑے ہیں جن میں 60 اسپیشلسٹس ڈاکٹر شامل ہیں ۔ اس کا منفی اثر یہ ہو رہا ہے کہ عوام سرکاری اسپتالوں سے پوری طرح استفادہ نہیں کر پا رہے ہیں ۔ 
    
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ان خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے متعدد بار اشتہارات شائع کیے گئے اور لاکھوں روپے ماہانہ مشاہرہ کی پیش کش کی گئی ، لیکن اتر کنڑا ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں آنے اور طبی خدمات انجام دینے کے لئے ڈاکٹر آمادہ نہیں ہوتے ۔ 
    
ایک افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ ضلع اتر کنڑا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز بھی اپنے ضلع میں ہی خدمات انجام دینے کے لئے تیار نہیں ہوتے ۔ اور پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے کے لئے دوسرے اضلاع کا رخ کرتے ہیں ۔ 
    
دوسری طرف دوسرے اضلاع سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز اپنے گھر اور بال بچوں کو چھوڑ اتر کنڑا میں آنے اور قیام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے ۔ اسی کے ساتھ ضلع میں بہت بڑے پیمانے پر پرائیویٹ اسپتال اور اسپیشالٹی اسپتالوں کی کمی بھی ماہر ڈاکٹروں کے یہاں نہ آنے کا سبب بن رہی ہے ، کیونکہ سرکاری نوکری کے ساتھ پرائیویٹ اسپتالوں میں خدمات کے عوض میں آمدنی کے مواقع یہاں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ 
    
اس کے علاوہ سرکاری اسپتالوں کی عمارتوں اور یہاں دستیاب ہونے والی بنیادی سہولتوں کی کمی بھی اس مسئلہ کو گمبھیر بناتی ہے ۔ صورت حال یہ ہے کہ پورے ضلع میں پرائمری ہیلتھ سینٹرز سمیت جملہ 465  اسپتال اور طبی مراکز ہیں ۔ ان میں سے 234 طبی مراکز کے لئے عمارت ہی نہیں ہے ۔ جبکہ 228 اداروں کی اپنی ذاتی عمارتیں نہیں ہیں ۔

ایسی صورت میں ضلع اتر کنڑا کے عوام کے لئے اعلیٰ طبی سہولتوں کی دستیابی ایک حل نہ ہونے والا مسئلہ بن کر  رہ گیا ہے ۔ 


Share: