واشنگٹںن، 14/ اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) امریکی شہریت اور امیگریشن سروس (یو ایس سی آئی ایس) کے سابق سینئر مشیر ڈگ رینڈ کے مطابق، ادارے کے ملازمین کو حال ہی میں ایک داخلی پیغام موصول ہوا ہے جس میں انہیں یا تو جلد ریٹائرمنٹ پر غور کرنے یا ممکنہ طور پر برطرفی کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت نے امیگریشن نظام میں ایک نئی بے یقینی کی لہر دوڑا دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پہلے ہی تاخیر سے نمٹنے کی شکایات عام ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یو ایس سی آئی ایس اپنے عملے میں کمی کرتا ہے تو درخواستوں کی کارروائی مزید سست پڑ سکتی ہے، جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوں گے، چاہے وہ خاندان ہوں جو اپنے عزیزوں کے انتظار میں ہیں یا وہ امریکی ادارے، خاص طور پر اسپتال، جو غیر ملکی تربیت یافتہ ماہرین پر انحصار کرتے ہیں۔ ڈگ رینڈ نے خبردار کیا کہ اس صورتِ حال میں کانگریس کے ارکان کو اپنے حلقوں سے تاخیر کا شکار درخواست گزاروں کی شکایات کا سامنا بڑھتے ہوئے فون کالز کی صورت میں کرنا پڑے گا، چاہے وہ ریپبلکن ہوں یا ڈیموکریٹ۔
یہ صورتحال کچھ سال پہلے کے ایک پریشان کن واقعے کی یاد دلاتی ہے۔۲۰۲۰ء میں، کرونا وبا سے پہلے، امیگریشن کی قیادت نے ادارے کے مالی ذخائر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ جب وبا کی وجہ سے فیس پر مبنی آمدنی میں شدید کمی واقع ہوئی، تو امیگریشن سروس نے ملازمین کی بھرتیوں پر پابندی لگا دی۔ نتیجتاً، ایک ہزار سے زائد امیگریشن افسران کی کمی ہوئی، جس کی وجہ سے معاملےکے بیک لاگ میں بڑا اضافہ ہوا۔ سابق مشیر نے اندرونی اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ’’اسی وقت بیک لاگ بڑھنا شروع ہوا، اور ایک سال کے اندر یہ دگنا ہو گیا۔
۲۰۲۱ء میں ایک بڑی تبدیلی آئی، جب نئی انتظامیہ کے تحت سی آئی ایس نے ہزاروں افسران اور معاون عملے کی تقرری کی، مالی استحکام کیلئے فیس میں اضافہ کیا، اور پروسیسنگ کے طریقہ کار میں اصلاحات کیں۔ پروسیسنگ کے اوقات، خاص طور پر عام کیس جیسے گرین کارڈ کی تجدید، میں نمایاں کمی آئی۔‘‘جہاں۲۰۲۰ء میں زیادہ تر لوگ گرین کارڈ کی تجدید کیلئے ۸؍ ماہ یا اس سے زیادہ انتظار کرتے تھے، اب یہ چند ہفتوں کی بات ہے، انہوں نے وضاحت کی۔ لیکن اب یہ پیش رفت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ سابق مشیر نے زور دیا کہ ملازمین کی کمی دوبارہ امیگریشن کے عمل کو سست کر دے گی—جس کے نتائج نہ صرف خاندانوں اور کاروباروں بلکہ قومی سلامتی پر بھی پڑیں گے۔
واضح رہے کہ یو ایس سی آئی ایس کا قیام کانگریس نے خدمات فراہم کرنے کیلئے کیا تھا، جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے۔یہی وجہ ہے کہ۲۰؍ ہزار سے زائد سرکاری ملازمین وہاں کام کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ سی آئی ایس ٹیکس دہندگان کے بجائے لاکھوں امریکی شہری، امریکی کاروبار، اور مستقبل کے امیدوار امریکی جنہوں نے بروقت نتیجے کیلئےکثیر رقم ادا کی ہے کی ادا کردہ درخواست فیس سے چلتی ہے۔