ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / امریکہ کے یمن میں فضائی حملے، 74 افراد ہلاک، متعدد زخمی

امریکہ کے یمن میں فضائی حملے، 74 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Sat, 19 Apr 2025 11:58:52    S O News

صنعا، 19/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)یمن میں امریکی فضائی حملوں کے بعد تباہی کے مناظر ہر طرف بکھرے ہوئے ہیں۔ مقامی و بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، راس عیسیٰ کی تیل بندرگاہ پر امریکی جنگی طیاروں نے شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں کم از کم 74 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حوثی باغیوں نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی میں 171 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ امریکی ایئر اسٹرائیک جمعرات کی دیر شب، یعنی 18 اپریل کو کیا گیا۔ اس وقت لوگ بندرگاہ پر کام کر رہے تھے۔ امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے اس حملے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ سنٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ اس حملے کا مقصد حوثی باغیوں کے ایندھن اور اقتصادی وسائل کو کمزور کرنا تھا۔

الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق حملے میں بندرگاہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو خصوصی طور سے ہدف بنایا گیا ہے۔ بندرگاہ ملازمین اور ٹرک ڈرائیور بھی اس حملے کی زد میں آئے ہیں۔ دراصل راس عیسیٰ بندرگاہ یمن کی معیشت اور انسانی امداد فراہمی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے، جہاں سے ملک کے 70 فیصد سے زائد درآمدات اور 80 فیصد انسانی امداد آتے ہیں۔ حملے کے بعد اس علاقہ میں زبردست احتجاج دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حوثی باغی حامی ال مسیرا ٹی وی نے دھماکہ اور نقصان کی ویڈیو جاری کی ہے۔ ویڈیو میں جلتے ہوئے ٹرک، ملبہ اور شہریوں کی لاشیں دکھائی دے رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں کئی بندرگاہ ملازمین زخمی ہوئے ہیں۔

حوثی افسر محمد ناصر الاطیفی نے کہا کہ یہ حملہ یمنی عوام کو غزہ کی حمایت سے نہیں روک سکتا، بلکہ اس سے ان کا عزم مزید مضبوط ہوگا۔ حملے کے کچھ گھنٹوں بعد اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے یمن سے داغی گئی ایک میزائل کو روک لیا ہے۔


Share: