ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سپریم کورٹ کا فیصلہ: پی جی میڈیکل کورسز میں رہائش کی بنیاد پر ریزرویشن غیر آئینی

سپریم کورٹ کا فیصلہ: پی جی میڈیکل کورسز میں رہائش کی بنیاد پر ریزرویشن غیر آئینی

Wed, 29 Jan 2025 17:16:13    S.O. News Service

    نئی دہلی ، 29/جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی  )سپریم کورٹ نے ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں داخلہ کے لیے جاری ریزرویشن نظام کے حوالے سے اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ (پی جی) کورسز میں رہائشی (ڈومیسائل) کی بنیاد پر ریزرویشن کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔ عدالت نے اسے غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آئین کی دفعہ 14 کی خلاف ورزی ہے اور اس لیے اسے نافذ نہیں کیا جا سکتا۔ اس فیصلے پر سپریم کورٹ کی تین ججوں کی بنچ نے غور کیا، جس میں جسٹس رشی کیش رائے، جسٹس سدھانشو دھولیہ اور جسٹس ایس وی این بھٹی شامل تھے۔

بنچ نے کہا، ’’ہم سبھی  ہندوستان کے باشندے ہیں۔ یہاں ریاستی یا صوبائی رہائش جیسا کچھ نہیں ہے، صرف ایک رہائش ہے، وہ ہے ہم سبھی  ہندوستان کے باشندے ہیں۔‘‘

اس کے ساتھ ہی بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ آئین کی دفعہ 19 کے تحت ہر شہری کو ہندوستان کے کسی بھی حصے میں رہنے، کاروبار کرنے اور پیشہ ور کام کرنے کا حق ہے۔ یہ حق تعلیمی اداروں میں داخلہ کے تعلق سے بھی نافذ ہوتا ہے اور ڈومیسائل پر مبنی کوئی بھی پابندی پی جی سطح پر اس بنیادی اصول کو روکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے یہ تسلیم کیا کہ کچھ حد تک ڈومیسائل پر مبنی ریزرویشن انڈر گریجویٹ (ایم بی بی ایس) داخلہ میں قابل قبول ہو سکتا ہے، لیکن پی جی میڈیکل کورسز میں اسے نافذ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ پی جی کورس میں مہارت اور ہنر اہم ہوتے ہیں۔ جسٹس دھولیہ نے اس فیصلے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا، "چونکہ پی جی میڈیکل کورسز میں ماہر ڈاکٹروں کی ضرورت زیادہ ہے، اس لیے رہائش پر مبنی ریزرویشن اعلیٰ سطح پر آئین کی دفعہ 14 کی خلاف ورزی ہوگی"۔

اس فیصلے میں عدالت نے ان طلبا کو راحت دی ہے جو حال ہی میں ڈومیسائل پر مبنی ریزرویشن کے تحت پی جی میڈیکل کورسز میں داخلہ لے چکے ہیں یا جنہوں نے پہلے ہی اپنی پی جی میڈیکل تعلیم پوری کر لی ہے۔ بنچ نے کہا، "یہ فیصلہ مستقبل کے داخلوں کو متاثر کرے گا، لیکن جو طلبا حال میں پی جی کورس کر رہے ہیں یا جو پہلے ہی ختم کر چکے ہیں انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا"۔


Share: