ہاسن، 7 جون (ایس او نیوز): منگنی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے جاتے ہوئے پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اتوار کی دوپہر ارسیکیرے تعلقہ کے جاواگل علاقے کے قریب پیش آیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ارسیکیرے تعلقہ کے جاواگل علاقے کے نزدیک ایک انووا کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کنارے واقع کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے کی شدت کے باعث کار میں سوار 24 سالہ محسن اور 25 سالہ محمد جیلانی شدید خون بہنے کے سبب موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے محمد جیلانی شادی شدہ تھے اور ان کا ایک سالہ بچہ بھی ہے۔
حادثے میں کار پر سوار دیگر کئی مسافر بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کرکے علاج معالجہ شروع کردیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی جاواگل پولیس تھانے کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔