ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میں کئی مقامات پر بارش، موسم مزید خراب ہونے کا امکان، 48 گھنٹوں کا الرٹ جاری

دہلی میں کئی مقامات پر بارش، موسم مزید خراب ہونے کا امکان، 48 گھنٹوں کا الرٹ جاری

Sat, 15 Mar 2025 10:32:09    S O News

نئی دہلی  ، 15/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان کے مختلف خطوں میں بدلتے موسم نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ کہیں شدید برف باری نے زندگی مفلوج کر دی ہے، تو کہیں تیز گرمی لوگوں کو بے حال کر رہی ہے۔ اسی دوران دہلی-این سی آر کے موسم میں بھی تبدیلی دیکھنے کو ملی، جہاں آج کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی بارش کے امکانات بڑھ رہے ہیں، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

جنوبی دہلی اور گریٹر نوئیڈا میں جمعرات کی شام ہی اچانک تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہونے لگی تھی اور کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی تھی۔ جمعہ کے روز بھی دہلی-این سی آر کے کچھ علاقوں میں بارش کی بوندوں نے ٹھنڈ واپس لا دی۔ موسم میں اس تبدیلی نے عوام، خصوصاً روزہ داروں کو انتہائی راحت پہنچائی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شام میں جیسے ہی آسمان میں سیاہ بادل چھائے، تھوڑی ہی دیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی بھی شروع ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اڈیشہ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں اس وقت لو چلنے کے آثار ہیں۔ دوسری طرف مغربی ہمالیائی علاقہ اور اروناچل پردیش میں شدید بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دہلی کے قرب و جوار میں 15 اور 16 مارچ کو بادل چھائے رہیں گے۔ قومی راجدھانی میں آئندہ 2 دنوں میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔  محکمہ موسمیات نے اڈیشہ میں 14 سے 17 مارچ، جھارکھنڈ میں 14 سے 17 مارچ اور گنگا علاقہ والے مغربی بنگال میں 15 سے 17 مارچ تک شدید گرمی کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان ریاستوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں 14 سے 15 مارچ کو لو چلنے کا الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔


Share: