ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ٹمکورو میں معمولی جھگڑا پرتشدد ، خاتون لوہے کی راڈ کے وار سے جاں بحق، ملزمان فرار

ٹمکورو میں معمولی جھگڑا پرتشدد ، خاتون لوہے کی راڈ کے وار سے جاں بحق، ملزمان فرار

Sat, 23 May 2026 18:23:28    S O News

ٹمکورو ، 23/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)ٹمکورو شہر کے ویرساگر علاقے میں معمولی جھگڑے کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 45 سالہ فرحانہ خانم کے طور پر کی گئی ہے۔

رپورٹ  کے مطابق جعفر اور فرحانہ خانم کے خاندانوں کے درمیان بچوں کے معاملہ پر پہلے سے تنازعہ چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی رنجش کی بنیاد پر جعفر نے اپنے رشتہ دار بابو خان کے ساتھ مل کر ویرساگر مین روڈ پر فرحانہ خانم کے بیٹے حیات پر حملہ کیا۔

بیٹے پر حملہ ہوتے دیکھ کر فرحانہ خانم اپنے دوسرے بیٹے کے ساتھ موقع پر پہنچیں اور جھگڑا ختم کرانے کی کوشش کی۔ اسی دوران ملزم جعفر نے لوہے کی راڈ سے فرحانہ خانم کے سر پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوکر بے ہوش ہوگئیں۔

اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں ضلع اسپتال منتقل کیا، تاہم علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

واقعہ کے بعد دونوں ملزمین فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس نے ملزمین کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر کارروائی شروع کردی ہے۔

اس سلسلہ میں تلک پارک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Share: