ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کلبرگی میں 3 کروڑ کی جیولری ڈکیتی کا معمہ حل، بین ریاستی گینگ گرفتار

کلبرگی میں 3 کروڑ کی جیولری ڈکیتی کا معمہ حل، بین ریاستی گینگ گرفتار

Mon, 21 Jul 2025 19:36:06    S O News
کلبرگی میں 3 کروڑ کی جیولری ڈکیتی کا معمہ حل، بین ریاستی گینگ گرفتار

کلبرگی، 21 جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)  کلبرگی کے صراف بازار میں 11 جولائی کو ایک جیولری شاپ میں ہوئی کروڑوں روپے کی ڈکیتی کے معاملے میں پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیس نے بین ریاستی سطح کے تین ڈاکوؤں کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے 2.865 کلو سونا اور 4.80 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کی ہے۔

کلبرگی پولیس کمشنریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران پولیس کمشنر ڈاکٹر شرنپا ایس ڈی نے بتایا کہ گرفتار شدہ ملزمین میں مغربی بنگال کے گوپال نگر سے تعلق رکھنے والے ایودھیا پرساد چوہان (48)، دڈاپور علاقے سے تعلق رکھنے والے سونے کے تاجر فاروق احمد ملِّک (40)، اور ممبئی میں درزی کے طور پر کام کرنے والا سہیل شیخ عرف بادشاہ (30) شامل ہیں۔

بتایا گیا کہ ملزمین نے 11 جولائی کو کلبرگی کے ملِّک جیولری شاپ سے تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات لوٹے تھے۔ اس ہائی پروفائل معاملے کی تفتیش کے لیے مختلف پولیس تھانوں سے افسران اور عملہ شامل کرتے ہوئے 5 تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے مغربی بنگال، اترپردیش، مہاراشٹرا اور تلنگانہ میں کارروائیاں انجام دیں۔

کمشنر نے مزید بتایا کہ یہ ملزمان ماضی میں بھی کئی ڈکیتیوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے لوٹا گیا سونا اور نقدی برآمد کر لی ہے۔ کارروائی میں برہماپور کے پی آئی سوم لنگ، چوک تھانے کے پی آئی راگھویندر، اشوک نگر کے سی پی آئی ارون کمار، وی وی نگر کے سی پی آئی سشیل، شیوآنند والی کار، بندے نواز سمیت دیگر افسران شامل تھے جن کی مشترکہ کوششوں سے ملزمان کو گرفتار کیا جا سکا۔


Share: