ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے قریب کمٹہ میں افسوسناک واقعہ؛ مچھلیوں کے اسٹوریج کی صفائی کے دوران تین ماہی گیروں کی موت

بھٹکل کے قریب کمٹہ میں افسوسناک واقعہ؛ مچھلیوں کے اسٹوریج کی صفائی کے دوران تین ماہی گیروں کی موت

Wed, 28 Oct 2026 00:10:43    S O News
بھٹکل کے قریب کمٹہ میں افسوسناک واقعہ؛ مچھلیوں کے اسٹوریج کی صفائی کے دوران تین ماہی گیروں کی موت

بھٹکل، 27 اکتوبر (ایس او نیوز): کمٹہ تعلقہ کے تڈری بندرگاہ پر مچھلی پکڑنے والی کشتی کے اندر زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے تین ماہی گیروں کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر ماہی گیر متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ یہ حادثہ بھٹکل سے تقریباً 85 کلومیٹر دور تڈری بندرگاہ پر منگل کی شام پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق، تڈری بندرگاہ پر موجود ایک کشتی سے تمام مچھلیاں اُتارنے کے بعد پانچ ماہی گیر مچھلیاں محفوظ رکھنے کے لیے استعمال ہونے والے حصے (فِش ہولڈ) کی صفائی کے لیے اندر اُترے تھے۔ اسی دوران سڑی ہوئی مچھلیوں سے پیدا ہونے والی زہریلی گیس کے باعث ان کا دم گھٹنے لگا۔ دیگر ماہی گیر فوری طور پر ان کی مدد کے لیے پہنچے اور پانچوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں تین ماہی گیروں کی موت ہوگئی۔ بچائے گئے دو دیگر ماہی گیروں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی گئی ہے اور اسے منی پال اسپتال منتقل کئے جانے کی خبر ہے۔

مہلوکین کی شناخت نوشاد (48)، امین (40) اور امان (18) کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں ماہی گیری کی کشتی پر کام کرتے تھے، جن میں نوشاد اور امین شادی شدہ تھے۔

اس افسوسناک حادثے کے بعد کمٹہ، انکولہ، ہوناور اور بھٹکل سمیت ساحلی علاقوں کی ناخدا برادری اور پوری ماہی گیری برادری میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد تینوں خاندانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ مرحومین کے دوست احباب نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ تینوں کی مغفرت اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمانے کے لیے دعا کریں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انسپکٹر شریدھر سمیت دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور معائنہ کیا۔ اس سلسلے میں گوکرن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Click here for report in English 


Share: