اُدھم پور، 7 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) جموں و کشمیر کے اُدھم پور ضلع میں جمعرات کی صبح ایک دلخراش حادثے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (Central Reserve Police Force - CRPF) کے تین جوان شہید ہوگئے جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 10:30 بجے کدوا علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب اہلکار بسنّت گڑھ سے ایک آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، سی آر پی ایف کی گاڑی کندوا-بسنّت گڑھ روڈ پر چل رہی تھی کہ وہ اچانک بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور پولیس نے فوری ریسکیو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔
مرکزی وزیر نے ’ایکس‘ پر لکھا: "کندوا-بسنّت گڑھ علاقے میں سی آر پی ایف کی گاڑی کے حادثے کی خبر افسوسناک ہے۔ میں نے ضلع کلکٹر سلونی رائے سے بات کی ہے، جو خود صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ راحت کے اقدامات فوری طور پر شروع کیے گئے ہیں، مقامی لوگ بھی مدد کے لیے آگے آئے ہیں۔ ہر ممکن امداد دی جا رہی ہے۔"
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "اُدھم پور کے قریب حادثے میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی موت سے دلی صدمہ پہنچا۔ قوم کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ سینئر افسران کو بہترین طبی امداد کی ہدایت دی گئی ہے۔"