حیدرآباد 22/جنوری (ایس او نیوز): آندھرا پردیش کے نندیال ضلع کے سیری ویلمیٹا علاقے میں جمعرات کی علی الصبح ایک خوفناک سڑک حادثے میں تین افراد جھلس کر ہلاک جبکہ کئی مسافر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک نجی سلیپر بس سامنے سے آ رہی کنٹینر لاری سے ٹکرا گئی جس کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق،پرائیویٹ بس 36 مسافروں کو لے کر نیلور سے حیدرآباد جا رہی تھی۔ رات تقریباً 2 بجے بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس ڈیوائیڈر پار کرتے ہوئے مخالف سمت سے آ رہی کنٹینر لاری سے جا ٹکرائی۔
ٹکر کے فوراً بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے دونوں گاڑیوں کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں بس ڈرائیور، لاری ڈرائیور اور لاری کلینر موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ شدید طور پر جلنے کے باعث لاشوں کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔
اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک ڈی سی ایم ٹرک ڈرائیور نے فوری طور پر اپنی گاڑی روکی، بس کی کھڑکیاں توڑیں اور مسافروں کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ کھڑکیوں سے چھلانگ لگانے کے دوران دس سے زائد مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ چار افراد کو فریکچر ہوا۔ بس میں موجود تمام مسافروں کا سامان آگ میں جل کر خاکستر ہوگیا۔
حادثے میں محفوظ بچ جانے والے ایک مسافر نے بتایا، “ہم سب گہری نیند میں تھے۔ ڈی سی ایم ڈرائیور نے ہمیں خبردار کیا، کھڑکیاں توڑیں اور باہر نکلنے میں مدد کی۔ اگر وہ نہ ہوتا تو شاید کوئی بھی زندہ نہ بچتا۔”
نندیال ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل شیوران نے بتایا کہ حادثے کے بعد دونوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں تھیں، تاہم تمام 36 مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ زخمیوں کو نندیال گورنمنٹ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، امدادی اور ریسکیو کارروائیاں انجام دیں، ٹریفک کو بحال کیا اور معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔