ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / تلنگانہ: کھانے کی دعوت کے لیے 20 اسکولوں میں تعطیل، کلکٹر نے افسر کو معطل کیا، 80 اساتذہ کو دیا گیا نوٹس

تلنگانہ: کھانے کی دعوت کے لیے 20 اسکولوں میں تعطیل، کلکٹر نے افسر کو معطل کیا، 80 اساتذہ کو دیا گیا نوٹس

Wed, 18 Dec 2024 19:00:32    S.O. News Service

حیدرآباد ، 18/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ریاست تلنگانہ کے 20 سرکاری اسکولوں کے 80 اساتذہ نے دعوت کھانے کے لیے وقت سے قبل اسکولوں میں چھٹی کی اور پھر دعوت میں شرکت کی۔ حیران کن طور پر، ان اساتذہ کے ساتھ ضلع کے ڈی آئی او ایس بھی دعوت میں شریک ہوئے۔ وقت سے قبل چھٹی کے بعد جب بچے اپنے گھروں کو پہنچے تو کچھ والدین کو شبہ ہوا کہ آج وقت سے پہلے چھٹی کیوں ہوئی۔ والدین نے جب بچوں سے پوچھا تو بچوں نے چھٹی کی اصل وجہ بتائی، جس نے والدین کو حیران کر دیا۔ کچھ والدین نے اس معاملے کی شکایت ضلع کلکٹر سے کی۔

ضلع کلکٹر نے بچوں کے والدین کی شکایت کے بعد تفتیش کی تو پتہ چلا کہ ان کی شکایت صحیح تھی۔ کلکٹر نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی آئی او ایس کو معطل کر دیا، ساتھ ہی تمام اساتذہ کو نوٹس جاری کیا۔ اساتذہ کی یہ انوکھی دعوت حیدر آباد میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت بچوں کو اچھی تعلیم دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن محکمہ تعلیم کے ذمہ داران اور اساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ یہ دعوت کا انوکھا معاملہ حیدر آباد ضلع کے شیک پیٹ منڈل کا ہے۔

اس دعوت کی جانکاری ملنے کے فوراً بعد کارروائی کرتے ہوئے کلکٹر انودیپ دوری شٹی نے ڈی آئی او ایس یداگِری کو معطل کر دیا۔ ساتھ ہی دعوت میں شرکت کرنے والے 20 اسکولوں کے 80 اساتذہ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اساتذہ اور پرنسپلز نے یہ دعوت 13 دسمبر 2024 اڑائی تھی۔ اسکولوں کے ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز (ڈی آئی او ایس) یداگِری ڈیوٹی پر موجود 80 دوسرے اسکولوں کے اساتذہ اور پرنسپلز کے ساتھ مل کر بنجارا ہِلس کے سرکاری اسکول میں دعوت کھانے گئے تھے۔
 


Share: