ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مہاگٹھ بندھن میں نتیش کمار کی ممکنہ واپسی پر تیجسوی کا دو ٹوک بیان – ‘بہار میں اب سیدھا انتخاب ہوگا’

مہاگٹھ بندھن میں نتیش کمار کی ممکنہ واپسی پر تیجسوی کا دو ٹوک بیان – ‘بہار میں اب سیدھا انتخاب ہوگا’

Mon, 10 Mar 2025 12:01:07    S O News

پٹنہ ، 10/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں اس سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل ہی سیاسی ماحول گرم ہو چکا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے دفتر کے باہر احتجاج کے دوران، جب اتوار (9 مارچ) کو نامہ نگاروں نے تیجسوی یادو سے پوچھا کہ کیا آر جے ڈی کی طرف سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی ہے؟ اور اگر وہ آئیں گے تو کیا ان کا خیرمقدم کیا جائے گا؟ اس پر تیجسوی یادو برہم ہو گئے اور سخت لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا، ’’یہ سب بکواس ہے، اب بہار میں سیدھا اسمبلی انتخاب ہوگا۔‘‘

علاوہ ازیں تیجسوی یادو نے کہا کہ نتیش کمار کو ساتھ لانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ نتیش اور بی جے پی دونوں ریزرویشن چور ہیں۔ ریزرویشن چوروں کو ہم ساتھ نہیں لے سکتے ہیں۔ ہماری پارٹی کی جانب سے نتیش کمار کو نہ تو پہلے آفر دیا گیا تھا اور نہ ابھی دیا گیا ہے۔ ان کو آفر نہیں دیں گے۔ بیان دینے کے لے ہم اور لالو یادو مجاز ہیں۔ اس کے علاوہ کسی کو بھی اس پر بولنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ آخر اس طرح کا سوال کہاں سے آ جاتا ہے؟ اس طرح کی فالتو کی باتیں نہیں ہونی چاہیے۔

تیجسوی یادو کے اس بیان سے واضح ہو گیا ہے کہ نتیش کے لیے مہاگٹھ بندھن کے دروازے بند ہیں۔ ویسے آئے دن آر جے ڈی کے لیڈران ہی نتیش کو ڈر دکھاتے رہتے ہیں کہ ’’بی جے پی، جے ڈی یو کے اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کو توڑ دے گی، نتیش کو وزیر اعلیٰ کی کرسی سے ہٹا دے گی، اپنا وزیر اعلیٰ بنا لے گی، جے ڈی یو کو ختم کر دے گی۔‘‘ حالانکہ آر جے ڈی لیڈران کئی بار نتیش کمار کو بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر مہاگٹھ بندھن میں آنے کا آفر بھی دے دیتے ہیں، لیکن تیجسوی یادو نے صاف کر دیا ہے کہ نتیش کے لیے کوئی آفر نہیں ہے۔ ویسے نتیش کمار کئی بار بول چکے ہیں کہ 2 بار ادھر سے ادھر ہو گئے تھے، اب ہمیشہ این ڈی اے میں ہی رہیں گے۔


Share: