پٹنہ، 7 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے پر بھی وزیر اعظم خاموش ہیں اور "امریکہ کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ "ٹرمپ نے 50 فیصد ٹیرف لگایا ہے۔ وزیر اعظم نے ابھی تک اس پر کوئی بیان نہیں دیا۔ وہ اتنے کمزور ہو گئے ہیں کہ امریکہ کے جھوٹ پر بھی خاموش ہیں۔ ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور سب چپ ہیں۔ پھر بہار آکر کہیں گے، دیکھو ہم وشو گرو بن گئے۔"
ڈونالڈ ٹرمپ نے 6 اگست کو ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ہندوستانی اشیاء پر 25 فیصد اضافی ڈیوٹی عائد کی ہے، جس سے کل ٹیرف 50 فیصد ہو جائے گا۔ یہ فیصلہ ہندوستان کے روسی تیل کی درآمدات کو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ بتا کر لیا گیا۔
دوسری جانب تیجسوی یادو نے الیکشن کمیشن سے متعلق ایک اور تنازع پر بھی وضاحت دی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی بھی طرح کا نوٹس کمیشن کی طرف سے موصول نہیں ہوا بلکہ پٹنہ ضلع نرجیکرن دفتر کی طرف سے ایک نوٹس ملا ہے، جس کا وہ جواب دیں گے۔
یاد رہے کہ تیجسوی نے 2 اگست کی پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ ان کا ووٹر آئی ڈی نمبر تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کے مطابق ان کا نام ووٹر لسٹ میں باقاعدہ درج ہے اور جو نمبر وہ پریس کانفرنس میں بول رہے ہیں، وہ سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں ہے۔
انتخابی افسر نے انہیں کہا ہے کہ 8 اگست کی دوپہر تک متعلقہ ای پی آئی سی کارڈ کی تفصیلات اور اصل کاپی فراہم کریں تاکہ اس معاملے کی مکمل جانچ ہو سکے۔