اُڈپی، 11 جون (ایس او نیوز): تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ سی جوزف وجے 12 جون (جمعہ) کو اُڈپی ضلع کے بیندور تعلقہ میں واقع معروف کولور شری موکامبیکا مندر کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی پوجا اور مذہبی رسومات میں شریک ہوں گے۔ ان کے دورے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے خصوصی طیارے کے ذریعے منگلورو ائیرپورٹ پہنچیں گے اور وہاں سے سڑک کے راستے کولور روانہ ہوں گے۔ مندر میں خصوصی پوجا ادا کرنے کے بعد وہ واپس روانہ ہوں گے۔ ان کے پروگرام میں کسی سیاسی یا عوامی تقریب کو شامل نہیں کیا گیا ہے اور پورا دورہ مذہبی نوعیت کا بتایا جا رہا ہے۔
شری موکامبیکا مندر جنوبی ہند کے اہم ترین مذہبی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ اور دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ مذہبی اور تاریخی اہمیت کے باعث ملک کی مختلف ممتاز شخصیات بھی وقتاً فوقتاً اس مندر کا دورہ کرتی رہی ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ کے دورے کے سلسلے میں اُڈپی ضلع انتظامیہ اور پولیس نے مندر اور اطراف کے علاقوں میں حفاظتی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ حکام کے مطابق زائرین اور عام عوام کو کم سے کم دشواری ہو، اس کے لیے ٹریفک نظم و نسق اور سیکوریٹی پلان پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔