بنگلورو، 24/ اکتوبر (ایس او نیوز/ایجنسی) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث فضائی خدمات میں خلل اور واپسی کی پروازیں منسوخ ہونے سے کرناٹک کے 600 سے زائد عمرہ زائرین سعودی عرب کے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پھنس گئے ہیں۔ زائرین کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے مرکزی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
مکتوب میں وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین اور ان کی ٹیم نے حالیہ دورۂ مقدس شہروں کے دوران عمرہ زائرین کو درپیش مشکلات سے انہیں واقف کرایا ہے۔ پروازوں کی منسوخی اور فضائی خدمات میں رکاوٹ کے باعث متعدد زائرین پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان میں سے بعض کے مالی وسائل بھی ختم ہوچکے ہیں، جس کے نتیجے میں انہیں کھانے پینے اور رہائش جیسی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔
ڈی کے شیوکمار نے اس صورتِ حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بعض ہوٹلوں کی جانب سے زائرین کو کمرے خالی کرنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ اس وجہ سے بزرگوں، خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اگرچہ سعودی عرب میں ہندوستانی اور کرناٹک کی رضاکار تنظیمیں متاثرہ زائرین کو عارضی امداد فراہم کر رہی ہیں، تاہم یہ امداد تمام زائرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے مرکزی وزیرِ خارجہ سے اپیل کی ہے کہ ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے اور جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے کو سعودی عرب کے متعلقہ حکام، ایئرلائنز اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ فوری رابطہ قائم کرنے کی ہدایت دی جائے، تاکہ موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لے کر زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کیے جاسکیں۔ انہوں نے ضرورت پڑنے پر خصوصی پروازیں چلانے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔
اس کے علاوہ ڈی کے شیوکمار نے درخواست کی ہے کہ زائرین کی وطن واپسی تک ان کے لیے مناسب عارضی رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولتوں کا انتظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ زائرین کی پریشانیوں اور ان کی موجودہ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے اس معاملے کو انتہائی ترجیح دی جائے اور ضروری اقدامات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔
وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ کرناٹک حکومت عمرہ زائرین کی جلد اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے مرکزی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔