ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ٹیمپو ٹراویلر چوری کے معاملے میں ملزم گرفتار؛ گاڑی آندھرا پردیش پہنچنے کا انکشاف

بھٹکل میں ٹیمپو ٹراویلر چوری کے معاملے میں ملزم گرفتار؛ گاڑی آندھرا پردیش پہنچنے کا انکشاف

Thu, 22 Oct 2026 19:43:17    S O News
بھٹکل میں ٹیمپو ٹراویلر چوری کے معاملے میں ملزم گرفتار؛ گاڑی آندھرا پردیش پہنچنے کا انکشاف

بھٹکل، 22 اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں گزشتہ ستمبر کے دوران منکولی  قومی شاہراہ  66کے کنارے پارک کی گئی ٹیمپو ٹراویلر گاڑی کی چوری کے معاملے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس نے ایک 32 سالہ ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ چوری شدہ گاڑی کو کولور، شیوموگہ اور چترادرگہ کے راستے آندھرا پردیش کے اننت پور لے جایا گیا ہے۔

گرفتار ملزم کی شناخت ساحل کے طور پر کی گئی ہے، جو شیموگہ کے دوڈاپیٹے پولیس تھانے کی حدود کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے مزید تفتیش کے لیے اسے پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔

اس معاملے میں مُنڈلی کے نیراگدے کے رہائشی کرشنا اننت نائک نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔

پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم موٹر سائیکلوں، کاروں اور ٹیمپو ٹراویلر جیسی گاڑیوں کی چوری کے معاملات میں مبینہ طور پر ملوث رہا ہے۔ اس کے خلاف رام نگر، بنگلورو اور شیوموگہ سمیت مختلف مقامات پر چوری کے 12 مقدمات درج ہونے کی اطلاع ہے۔

رپورٹ کے مطابق، حال ہی میں ملزم نے چکّوڈی میں ایک کار چوری کی تھی، جس کے معاملے میں اسے گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا تھا۔ بعد میں ضمانت پر رہائی کے بعد بھٹکل میں گاڑی چوری کا یہ واقعہ پیش آیا۔ ساحلی علاقے میں اس کی جانب سے گاڑی چوری کا یہ پہلا معلوم معاملہ بتایا گیا ہے۔

تحقیقات کے مطابق، ملزم مبینہ طور پر بھٹکل سے چوری شدہ ٹیمپو ٹراویلر کو کولور کے راستے شموگہ کے قریب آیانور لے گیا، جہاں اس نے گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل کردی۔ اس کے بعد وہ چترادرگہ کے راستے آندھرا پردیش کے اننت پور پہنچا۔

اننت پور میں یہ گاڑی کس نے خریدی یا اسے کس کے حوالے کیا گیا، اس کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس کی طرف سے گاڑی کی بازیابی اور اس معاملے میں ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری  ہے۔


Share: