بھٹکل، 23 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی شام اور رات گرج چمک کے ساتھ زور دار بارش ہوئی، جس کے دوران بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی، جبکہ آج جمعہ کو بھی بھٹکل سمیت ساحلی اضلاع میں بارش ہوئی اور بعض مقامات پر شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
ریاست کے ساحلی علاقوں کے علاوہ اندرونی کرناٹکا کے مختلف حصوں میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔ میسورو، کوڈاگو اور چامراج نگر کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔ بنگلورو شہری و دیہی، شیواموگہ، چکمگلورو، ہاسن، منڈیا، رام نگر، چکبالاپور، کولار اور تُمکورو سمیت جنوبی اندرونی کرناٹکا کے کئی اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ کرناٹکا میں جنوب مغربی مانسون عموماً جون سے ستمبر تک سرگرم رہتا ہے، لیکن امسال مانسون کے دوران بارش کی کمی کے باعث ریاست کے مختلف حصوں میں پانی کی دستیابی اور زراعت کو لے کر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔ ایسے میں گزشتہ دو دن سے جاری بارش سے فصلوں کو مزید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے یا اس سے زرعی سرگرمیوں اور پانی کی دستیابی کے معاملے میں راحت ملنے کی توقع ہے، اس کا اندازہ بارش کی مقدار، دورانیے اور اس کے پھیلاؤ کی بنیاد پر ہی لگایا جاسکے گا۔
ساحلی کرناٹکا میں بھٹکل کے علاوہ ہوناور، اُڈپی، منی پال، کنداپور، بیندور، برہماور اور کاپو سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ اسی طرح دکشن کنڑا ضلع میں منگلورو کے علاوہ سولیا، بنٹوال، پُتّور، بیلتنگڈی، سورتکل، اُلال اور موڈوبیدری میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔ بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے بعد بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، سنیچر کو بھی گرج چمک اور آسمانی بجلی کی سرگرمیاں جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی اندرونی کرناٹکا کے بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔