بھٹکل، 5 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیر اہتمام گزشتہ ایک ماہ سے جاری AUZ BMYF TROPHY - 25 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ منگل کو اختتام پذیر ہوگیا۔ فائنل میں پڑوسی علاقے منکی کی مضبوط اور طاقتور RSA Manki ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھٹکل کی رویل ٹیم کو آسانی سے شکست دے کر 75 ہزار روپے نقد انعام کے ساتھ ونر ٹرافی اپنے نام کرلی، جبکہ رویل کو رنر اپ ٹرافی کے ساتھ 45 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔
فائنل میچ یکطرفہ رہا، جہاں منکی کی ٹیم نے بے حد آسانی کے ساتھ چھ وکٹوں سے رویل کو شکست دے دی۔ بھٹکل کی ایک وقت کی طاقتور سمجھی جانے والی رویل ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر صرف 132 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے فوزان آرمار نے ٹیم کو سہارا دینے کی پوری کوشش کی اور 26 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 45 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے کی بھرپور جدوجہد کی، لیکن دیگر کھلاڑی منکی کے باؤلرز کے سامنے ٹکنے میں ناکام رہے۔ محمد ائیکری نے 19، عفیف برماور نے 17 اور طلحہ نے 12 رنز بنائے۔
منکی کے مصطفیٰ ساوڑا نے رویل کے ابتدائی تین اہم کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ ساحل ساوڑا اور روہان کٹپاڈی کی شاندار باؤلنگ نے رویل ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
کم ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے منکی ٹیم میدان میں اتری تو رویل نے ابتدا میں ہی منکی کے دو کھلاڑیوں کو جلدی آؤٹ کر کے میچ میں سنسنی پیدا کرنے کی کوشش کی، لیکن سلامی بلے باز عاقب ساوڑا کریز پر آہنی دیوار بن گئے۔
انہوں نے محض 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت کی راہ پر گامزن کردیا۔ ان کے بعد عبدالرزاق ساوڑا اور شازمان قاضی نے بالترتیب ناٹ آؤٹ 37 اور 17 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ خصوصاً عبدالرزاق نے 16ویں اوور کی آخری تین گیندوں پر لگاتار تین چھکے لگاتے ہوئے عصر کی نماز سے قبل ہی ٹورنامنٹ اپنے نام کردیا۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں بھٹکل کی مختلف ٹیموں کے علاوہ مرڈیشور اور منکی کی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔
فائنل تقریب میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سیکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سیکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، فیڈریشن کے سابق صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جالی پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں، جنہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
پروگرام کی صدارت فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف نے کی، جبکہ فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری مبشر ہلارے نے استقبال کیا۔ ٹورنامنٹ کے کنوینر اور فیڈریشن کے اسپورٹس سیکریٹری محمد طلحہ ترچنا پلّی نے اختتام پر کلماتِ تشکر پیش کیے۔
ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا:
پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور مین آف دی فائنل: مصطفیٰ ساوڑا (RSA منکی)
بیسٹ باؤلر: عبدالحق (رویل)
بیسٹ بیٹسمین: عریف برماور (مدینہ)
بیسٹ وکٹ کیپر: عمر دمدا ابو (رویل)
بہترین فیلڈر: ساحل ساوڑا (RSA منکی)
کیچ آف دی ٹورنامنٹ: فیصل شیخ (NSA منکی)
ابھرتے ہوئے کھلاڑی: موسٰی کاسرگوڈ (مدینہ) اور محمد ائیکری (رویل)
بیسٹ ڈسپلن ٹیم: NSA منکی
اس کے علاوہ انجمن بی بی اے کالج کے طالب علم مروان فقی احمدا کو کرناٹک یونیورسٹی، دھارواڑ کی کرکٹ ٹیم میں یونیورسٹی بلیو کے طور پر منتخب ہونے پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔