ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سوامی پرساد موریہ کا بیان: ’اورنگ زیب، گوڈسے سے بہتر تھے‘ – کیا نیا تنازعہ جنم لے گا؟

سوامی پرساد موریہ کا بیان: ’اورنگ زیب، گوڈسے سے بہتر تھے‘ – کیا نیا تنازعہ جنم لے گا؟

Mon, 17 Mar 2025 10:30:35    S O News

ممبئی، 17/ مارچ (ایس او نیوز/ ایجنسی)سماجوادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی کے اورنگ زیب کی تعریف پر مبنی بیان نے سیاسی ہلچل مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں مہاراشٹر میں اورنگ زیب کی قبر کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس معاملے پر جاری تنازعہ کے دوران، بی جے پی حکومت میں کابینہ وزیر رہ چکے سوامی پرساد موریہ نے نہ صرف ابو عاصم اعظمی کے بیان کی حمایت کی بلکہ خود بھی ایک ایسا متنازعہ تبصرہ کر دیا جس سے نیا سیاسی طوفان کھڑا ہونے کا خدشہ ہے۔ انھوں نے بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا، ’’ناتھورام گوڈسے کے مقابلے اورنگ زیب بہتر تھے۔‘‘

’اپنی جنتا پارٹی‘ کے سربراہ سوامی پرساد موریہ نے بی جے پی پر ملک میں نفرت کا بیج بونے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی لیڈران ملک میں نفرت کا بیج بو رہے ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ یکے بعد دیگرے تشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ اورنگ زیب بہت ہی تشدد کرتے تھے اور ان کو سب سے خراب بادشاہ مانا جا رہا ہے، میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہو سکتا ہے وہ خراب رہے ہوں، لیکن وہ ناتھورام گوڈسے سے بہتر تھے۔‘‘ اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ناتھورام گوڈسے نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کا قتل کر دیا تھا۔ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ لوگ دوسروں پر انگلی اٹھاتے ہیں تو پہلے ان کو اپنے دامن میں جھانک کر دیکھنا چاہیے۔ اس کے بعد ہی دوسروں پر انگلی اٹھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ سماجوادی پارٹی کی مہاراشٹر یونٹ کے صدر ابو عاصم اعظمی نے گزشتہ دنوں میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اورنگ زیب کی حکومت میں ہندوستان کی سرحد افغانستان اور برما (میانمار) تک پہنچ گئی تھی۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اورنگ زیب ایک ظالم حکمراں نہیں تھا، اور اس نے کئی مندر بنوائے۔ اورنگ زیب اور مراٹھا راجہ چھترپتی سنبھاجی مہاراج کے درمیان جنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے بتایا کہ یہ مذہبی نہیں بلکہ سیاسی جنگ تھی۔

بہرحال، مہاراشٹر میں اورنگ زیب کو لے کر تنازعہ عروج پر ہے۔ ہر چھوٹا بڑا لیڈر اورنگ زیب معاملہ پر اپنا رد عمل ظاہر کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ خصوصاً ہندوتوا تنظیموں سے جڑے لیڈران تو اورنگ زیب کی قبر کو نیست و نابود کرنے پر آمادہ ہیں۔ وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) نے اورنگ زیب کی قبر کو ختم کرنے کا اعلان تک کر دیا ہے۔ وی ایچ پی کے قومی ترجمان ونود بنسل نے اعلان کیا ہے کہ 17 مارچ کو چھترپتی شیواجی مہاراج کے یومِ پیدائش پر اورنگ زیب کی قبر کا خاتمہ ہوگا۔ اس طرح کی کوششوں کو دیکھتے ہوئے اورنگ زیب کی قبر پر ریاستی حکومت نے سیکورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔


Share: