ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سپریم کورٹ نے ناسک درگاہ کے انہدامی حکم پر عارضی پابندی عائد کر دی

سپریم کورٹ نے ناسک درگاہ کے انہدامی حکم پر عارضی پابندی عائد کر دی

Sat, 19 Apr 2025 11:49:43    S O News

ناسک ، 19/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)سپریم کورٹ نے ناسک کے کاٹھے گلی علاقے میں واقع معروف حضرت سات پیر سید بابا درگاہ کے انہدام کے معاملے میں سخت نوٹس لیتے ہوئے ناسک میونسپل کارپوریشن کی کارروائی پر عبوری روک عائد کر دی ہے۔ عدالت نے اس امر پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ بلدیہ نے عدالت میں معاملے کی سماعت سے چند گھنٹے قبل ہی درگاہ کو منہدم کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ انہدام ۱۵؍ اور ۱۶؍ اپریل کی درمیانی شب عمل میں آیا، جب کہ معاملہ عدالت میں زیر غور آنے والا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے یہ قدم اُس وقت اٹھایا جب درگاہ کے ٹرسٹیان کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل نوین پہوا نے عدالت کو مطلع کیا کہ بامبے ہائی کورٹ میں بارہا عرضی دائر کرنے اور فہرست میں شامل کرانے کی کوشش کے باوجود کیس کو سماعت کیلئے پیش ہی نہیں کیا گیا۔

جسٹس بی آر گووئی اور جسٹس سدھارتھ کھنہ کی دو رکنی بینچ نے  اس معاملے پر کہا کہ ہم نے یہ غیرمعمولی قدم سینئر وکیل کے  بیان کی بنیاد پر اٹھایا ہے۔ انہوں نے ہمیںبتایا ہے کہ ہر روز عرضی کو فہرست میں شامل کرانے کی کوشش کی گئی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اگر واقعی ایسا ہوا ہے تو یہ نہایت تشویشناک بات ہے کہ ہائی کورٹ نے اسے فہرست میں شامل نہیں کیا۔عدالت نے  بامبے ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو ہدایت دی کہ وہ پورے معاملے پر ایک تحقیقی رپورٹ پیش کریں، خاص طور پر یہ وضاحت کرتے ہوئے کہ درگاہ  انتظامیہ کی عرضی فہرست میں کیوں شامل نہیں کی گئی ۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے ناسک میونسپل کارپوریشن سے بھی اس معاملے پرجواب طلب کیا ہے۔سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف انصاف کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ کس طرح اہم اور حساس معاملات میں ادارہ جاتی غفلت انصاف میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔عدالت نے کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے تحریری جواب طلب کیا ہے۔


Share: