ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دسویں شیڈول کے تحت اسپیکرز کے اختیارات کا جائزہ، اوم برلا کی اعلیٰ سطحی کمیٹی میں یو۔ٹی۔ قادر شامل

دسویں شیڈول کے تحت اسپیکرز کے اختیارات کا جائزہ، اوم برلا کی اعلیٰ سطحی کمیٹی میں یو۔ٹی۔ قادر شامل

Tue, 10 Feb 2026 18:44:07    S O News
دسویں شیڈول کے تحت اسپیکرز کے اختیارات کا جائزہ، اوم برلا کی اعلیٰ سطحی کمیٹی میں یو۔ٹی۔ قادر شامل

بنگلورو، 10 فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آئین ہند کی دسویں فہرست (ٹینتھ شیڈول) اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے تناظر میں پریزائیڈنگ افسران کے اختیارات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی میں کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب یو۔ٹی۔ قادر  کو بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔

اس کمیٹی کی تشکیل کا بنیادی مقصد پریزائیڈنگ افسران کے آئینی اختیارات، ان کے استعمال کے دائرۂ کار اور متعلقہ ضوابط کا تفصیلی مطالعہ کرنا ہے۔ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ موجودہ قوانین اور پارلیمانی روایات کس حد تک مؤثر طریقے سے نافذ ہو رہے ہیں اور آیا ان میں کسی اصلاح یا وضاحت کی ضرورت ہے۔

تشکیل دی گئی کمیٹی میں ملک کی مختلف ریاستوں کی قانون ساز اسمبلیوں کے اسپیکرز کو شامل کیا گیا ہے۔ ان میں مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اوڈیشہ قانون ساز اسمبلی کی اسپیکر محترمہ سورما پاڑی، کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو۔ٹی۔ قادر ، اور ناگالینڈ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شرنگائن لانگ کُمیر بطور اراکین شامل ہیں۔

اطلاع کے مطابق اس کمیٹی کا اجلاس 9 اور 10 فروری کو ممبئی میں مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے ودھان بھون میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو۔ٹی۔ قادر فرید نے بھی شرکت کی اور مختلف آئینی و پارلیمانی امور پر اپنی آراء پیش کیں۔

اجلاس کے دوران آئینی دفعات، پارلیمانی روایات اور پریزائیڈنگ افسران کے کردار و اختیارات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر کے متعلقہ آئینی و پارلیمانی فورمز کے سامنے پیش کرے گی، تاکہ جمہوری اداروں کے کام کاج کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔


Share: